جنوبی کوریا نے کہاہے کہ وہ اگلے ماہ شمالی کوریا کے موضوع پر جاپان اور امریکہ کےساتھ اعلی سطحی سفارتی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان چو بی یونگ جی نے کہاہے کہ مجوزہ کانفرنس میں سفارت کار 13 اپریل کو پیانگ یانگ کے ناکام میزائل تجربے کے بعد جزیرہ نما کوریا میں ہونے والی پیش رفت پر گفتگو کریں گے۔
جوہری امور کے لیے جنوبی کوریا کے سفیر لم سونگ نام ان سہ فریقی مذاکرات کے میزبان ہوں گے۔
جاپان کے جوہری سفارت کار شن سوک سنگی یا ما اور شمالی کوریا کے لیے خصوصی امریکی سفیر گلین ڈیوس ان مذاکرت میں اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔
وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہاہے کہ تینوں عہدے دار شمالی کوریا سے منسلک مسائل پر بات چیت کریں گے جن میں اس کا جوہری پروگرام بھی شامل ہے۔
یہ تینوں ممالک مذاکرات کے لیے اس کثیر ملکی ٹیم میں شامل ہیں جس کے دوسرے ارکان چین اور روس ہیں۔
ان مذاکرات کا مقصد شمالی کوریا کے ساتھ اقتصادی اور انسانی بھلائی کی امداد کے بدلے اس کے جوہری پروگرام کے خاتمے پرگفت وشنید کرنا ہے۔