امریکہ کی حکومت اور دیگر ذرائع نے بدھ کو کہا ہے کہ شمالی کوریا نے جوہری تجربات کرنے کے مقام پر ایک سرنگ کے اندر جوہری دھماکا کرنے کے آلات رکھ دیئے ہیں جنہیں کسی بھی وقت چلایا جا سکتا ہے۔
امریکی کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ایک عہدیدار نے وی او اے کو بتایا کہ "ہم (اس بارے میں ) کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔"
شمالی کوریا ہفتہ کو ملک کے بانی کم ال سنگ کے ایک سو پانچویں یوم پیدائش کی مناسبت سے"سورج کا دن" منائے گا۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے سکول آف ایڈوانسڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے تحت کام کرنے والی ویب سائٹ 38 نارتھ کے مطابق جوہری تجربہ کرنے کے مقام کی تجارتی سیٹلائیٹ کے ذریعے بدھ کو لی گئی تصاویر میں اس مقام کے شمالی حصہ میں مسلسل کی جانے والی سرگرمی دکھائی دیتی ہے۔
یہ ایک نئی سرگرمی ہے اور اس کے کمانڈ سینٹر کے گرد چند اہلکار بھی نظر آتے ہیں۔
جوزف برمیڈز جونئیر اور جین لیو کے تجریہ کے مطابق شمالی کوریا کی طرف سے چھٹا جوہری تجربہ کرنے کے لیے یہ تنصیب "تیار اور مکمل" ہے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے ترجمان رو جی چن نے جمعرات کی صبح سیئول میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جنوبی کوریا کو ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ شمالی کوریا کی طرف سے فوجی اشتعال انگیزی ہونے والی ہے۔
امریکہ کا دورہ کرنے والے نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ کے ساتھ بدھ کو مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ رات چین کے صدر شی جنپنگ سے فون پر بات کی اور "میرے خیال میں وہ شمالی کوریا کے معاملے پر ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں۔" اگر ایسا نہیں ہوتا تو پھر ہم خود ہی اس معاملے کو دیکھیں گے۔"
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ شمالی کوریا کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل اور جوہری ہتھیاروں کو بنانے کے معاملہ کو پُرامن طریقہ سے حل کیا جانا چاہیئے۔
امریکی بحریہ کا طیارہ بردار جہاز ’’یو ایس ایس کارل ونسن‘‘ جو پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت سنگاپور میں موجود تھا، اُسےاحتتاطی تدابیر کے تحت آسٹریلیا کی طرف جانے کی بجائے شمال کی طرف حرکت کرنے کا حکم دیا گیا۔
ٹرمپ نے منگل کو فاکس بزنس نیٹ ورک کو بتایا کہ "ہم ایک بہت طاقتور آرمیڈا بھیج رہیں ہیں۔۔۔ اس میں بہت زیادہ طاقتور آبدوزیں ہیں۔"
امریکہ کے ایک موقر اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے ساتھ بدھ کو ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے شمالی کوریا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ "آپ ایک ایسے ملک کو جوہری طاقت اور جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ یہ بڑے پیمانے پر تباہی ہے۔"
صدر نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ ان کے پاس (جوہری ہتھیاروں کا) ڈیلیوری سسٹم نہیں ہے لیکن وہ یہ حاصل کر لیں گے، ایسا کرنا بہت آسان ہے۔"
اس بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ شمالی کوریا آنے والی تعطیل کے موقع پر درمیانی فاصلے یا طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کر سکتا ہے۔
اپریل 2012ء میں شمالی کوریا نے کم ال سنگ کی سو سالہ یوم پیدائش کے موقع پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ کا تجربہ کیا تھا تاہم یہ تجربہ ناکام ہو گیا۔