جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے ساحل سے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے چار میزائل فائر کیے۔
بظاہر یہ اقدام پیانگ یانگ کی طرف سے جنوبی کوریا اور امریکہ کی جاری مشترکہ فوجی مشقوں پر ناراضگی کا اظہار ہے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف اسٹاف نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ پیانگ یانگ کے شمال سے فائر کیے جانے والے یہ میزائل 140 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرنے کے بعد سمندر میں گرے۔ یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ میزائل کس قسم کے تھے۔
جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان ’فول ایگل‘ نامی مشترکہ جنگی مشقیں مزید تین ہفتے جاری رہیں گی۔ جب سے ان مشقوں کا آغاز ہوا پیانگ یانگ کئی میزائل تجربے کر چکا ہے۔
پیانگ یانگ ان مشقوں کو اپنے ملک کے خلاف حملے کی تیاری تصور کرتا ہے جب کہ سئیول اور واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ دفاعی نوعیت کی مشقیں ہیں۔