رسائی کے لنکس

شمالی کوریا نے امریکہ سے سفارتی رابطہ منقطع کر دیا


گزشتہ ہفتے امریکہ نے کم جانگ اُن اور شمالی کوریا کے کئی دیگر عہدیداروں پر اضافی پابندیاں عائد کی تھیں

شمالی کوریا نے اپنے رہنما کم جانگ اُن پر تعزیرات عائد کرنے کے ردعمل میں واشنگٹن سے اپنا آخری سفارتی رابطہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیانگ ینگ نے پیر کو کہا کہ اس نے امریکہ کو بتا دیا ہے کہ شمالی کوریا، واشنگٹن کے ساتھ تمام سفارتی رابطے ختم کر رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے امریکہ نے کم جانگ اُن اور شمالی کوریا کے کئی دیگر عہدیداروں پر اضافی پابندیاں عائد کی تھیں۔ امریکہ نے پہلی مرتبہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا نام بھی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی بنا پر پابندی کی زد میں آنے والوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

اس بیان سے قبل پیر ہی کو پیانگ یانگ کی طرف سے ایک تازہ انتباہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ واشنگٹن اور سیئول کی طرف سے جنوبی کوریا میں جدید میزائل دفاعی نظام اگر نصب کیا گیا تو وہ "عملی اقدام" کرے گا، تاہم اس کی مزید وضاحت نہیں کی گئی۔

اس سے قبل بھی شمالی کوریا کی طرف سے ایسے دھمکی آمیز بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے حال ہی میں بیلسٹک میزائل اور جوہری تجربات کے بعد امریکہ اور سیئول نے جنوبی کوریا میں جدید دفاعی میزائل نظام ’ٹرمینل ہائی الٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس سسٹم‘ یعنی تھاڈ نصب کرنے کا اعلان کیا تھا۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے "کے سی این اے" نے پیر کو کہا کہ "فوج کا یہ غیر متزلزل عزم ہے کہ جب بھی کوئی سخت کارروائی ہوئی تو وہ اس سے نمٹنے کے لیے تیار ہو گی"۔ پیانگ ینگ نے کہا کہ جیسے ہی یہ معلوم ہو گا کہ تھاڈ نظام نصب کیا گیا ہے تو "عملی اقدام" کیے جائیں گے۔

چین، روس اور شمالی کوریا نے بھی تھاڈ نظام نصب کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے واشنگٹن اور جنوبی کوریا پر ( اس منصوبے کو ) ختم کرنے پر زور دیا ہے۔

جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہائی نے پیر کو کہا کہ تھاڈ نظام شمالی کوریا کے خلاف صرف ایک دفاعی اقدام ہے اور یہ کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں ہے۔

شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے ساحلی شہر سنپو کے قریب سے ایک آبدوز سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق یہ میزائل فضا میں صرف 10 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد پھٹ گیا تھا۔

اس سے قبل اپریل میں کیے جانے والا ایسا ہی ایک تجربہ ’’ناکام‘‘ ہو گیا تھا۔

شمالی کوریا کی طرف سے ایسے ہی تجربات کے بعد جنوبی کوریا میں جدید میزائل دفاعی نظام تھاڈ نصب کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG