شمالی کوریا نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی کوریا کے جو بحری جہاز بحیرہ زرد میں متنازع سرحد کے قریب اس کے علاقائی پانیوں میں دراندازی کریں گے، وہ ان کو بغیر اطلاع کے نشانہ بنائے گا۔
جمعہ کو سرکاری خبر رساں ادارے ’کورین سنٹرل نیوز ایجنسی‘ کے مطابق تنبیہی پیغام میں الزام لگایا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کی 17 تیز رفتار کشتیاں اس ماہ کے پہلے ہفتے میں چینی ماہی گیر کشتی کو پکڑنے کے بہانے شمالی کوریا کے علاقائی پانیوں میں داخل ہو گئی تھیں۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے اس تنبیہہ پر فوری تبصرہ نہیں کیا۔
کورین جنگ کے بعد کوریائی جزیرہ نما کے مغربی ساحل پر سرحد ’ناردرن لمٹ لائن‘ کی حد بندی امریکی قیادت میں قائم فورسز نے کی تھی۔ اس جگہ 1999ء، 2002ء، اور 2009ء میں دو نوں کوریائی ممالک میں مختصر مگر خونی جھڑپیں ہوئی تھیں۔