رسائی کے لنکس

شمالی کوریا: کم جونگ ان کا مزید جوہری تجربات کرنے کا حکم


شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'کے سی این اے' کے مطابق کم جونگ ان نے یہ ہدایت بیلسٹک میزائل تجربے کےمشاہدے کے لیے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی ہے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے سائنس دانوں کو حکم دیا ہے کہ وہ ملک کی جوہری حملہ کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے جوہری بموں کے مزید تجربات کریں۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'کے سی این اے' کے مطابق کم جونگ ان نے یہ ہدایت بیلسٹک میزائل تجربے کےمشاہدے کے لیے منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی ہے۔

نیوز ایجنسی نے یہ نہیں بتایا کہ شمالی کوریا نے یہ تجربہ کب اور کہاں کیا ہے۔ لیکن غالب گمان ہے کہ ایجنسی کا اشارہ شمالی کوریا کی جانب سے منگل کو فائر کیے جانے والے دو کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی جانب تھا جو 500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد سمندر میں جا گرے تھے۔

نیوز ایجنسی کے مطابق کم جونگ ان نے سائنس دانوں کو حکم دیا ہے کہ وہ حال ہی میں تیار کیے جانے والے نیوکلیئر وار ہیڈز کی طاقت اور صلاحیت جانچنے اور جوہری حملہ کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے ایٹمی تجربات کا سلسلہ جاری رکھیں۔

شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے رواں ہفتے کم جونگ ان سے منسوب یہ بیان بھی جاری کیا تھا کہ ان کے ملک نے بیلسٹک میزائلوں پر لگانے کے لیے انتہائی چھوٹے نیوکلیئر وار ہیڈز تیار کرلیے ہیں۔

شمالی کوریا نے رواں سال جنوری میں اپنا چوتھا ایٹمی تجربہ کیا تھا جب کہ گزشتہ ماہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ کا تجربہ بھی کیا تھا جن کی پاداش میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل پیانگ یانگ حکومت کے خلاف نئی اور نسبتاً سخت پابندیاں عائد کرچکی ہے۔

ان تجربات کے بعد سے خطے میں صورتِ حال خاصی کشیدہ ہے اور شمالی کوریا مسلسل جنوبی کوریا پر حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے جو خطے میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کے مزید جوہری تجربات کرنے کے بیان پر اپنے ردِ عمل میں جنوبی کورین حکومت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ یہ ایک ایسے شخص کا بے ہنگم اور بغیر سوچے سمجھے دیا جانے والا بیان ہے جو نہیں جانتا کہ دنیا کے معاملات کس طرح چلائے جاتے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی پیانگ یانگ حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ خطے کو غیر مستحکم کرنے کے اقدامات فوراً روک دے۔

XS
SM
MD
LG