رسائی کے لنکس

کیلی فورنیا: جنگلات میں لگی آگ سے چھ افراد ہلاک


آگ کے نزدیک ایک فائر فائٹر موجود ہے۔
آگ کے نزدیک ایک فائر فائٹر موجود ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک یہ آگ 650 سے زائد گھروں، دکانوں اور دیگر عمارتوں کو خاکستر کر چکی ہے جب کہ 135 جزوی تباہی کا شکار ہوئے ہیں۔

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شمالی جنگلات میں لگی آگ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے جب کہ ہزاروں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔

کیلی فورنیا کی شاستا کاؤنٹی کے شیرف ٹوم بوسینکو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ نئی ہلاکتیں ان علاقوں میں ہوئی ہیں جہاں کی آبادی کو انخلا کا حکم دیا گیا تھا لیکن ان افراد نے اس حکم پر عمل نہیں کیا تھا۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک بزرگ خاتون اور ان کے کم سن پوتے اور پوتی اور ایک اور شخص شامل ہیں جن کے گھروں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

اس نقشے میں 'کار فائر' سے متاثرہ علاقہ دیکھا جاسکتا ہے۔
اس نقشے میں 'کار فائر' سے متاثرہ علاقہ دیکھا جاسکتا ہے۔

کاؤنٹی شیرف نے بتایا ہے کہ علاقے سے کل 16 افراد کے لاپتا ہونے کی شکایات ملی ہیں جن میں سے نو افراد کو تلاش کرلیا گیا ہے جب کہ اب بھی سات مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے انہی جنگلات میں مصروف آگ بجھانے والے عملے کے دو اہلکار دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔

آگ کے باعث علاقے کے سب سے بڑے شہر ریڈنگ کے نواحی علاقوں سے 38 ہزار سے زائد افراد کو اتوار کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔

آگ کے بعد شہر ریڈنگ کے ایک نواحی علاقے کا منظر
آگ کے بعد شہر ریڈنگ کے ایک نواحی علاقے کا منظر

ریڈنگ کی آبادی 90 ہزار ہے اور یہ شہر کیلی فورنیا کے دارالحکومت سیکریمنٹو سے 257 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگ کے باعث ریڈنگ کے مزید رہائشیوں کو بھی علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا جاسکتا ہے۔

امریکہ کی نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ علاقے کا موسم بدستور خشک اور گرم رہنے کا اندیشہ ہے جس کے باعث آگ بجھانےمیں مشکل پیش آ رہی ہے۔

ریڈنگ کے ایک نواحی علاقے کا گھر شعلوں کی لپیٹ میں ہے۔
ریڈنگ کے ایک نواحی علاقے کا گھر شعلوں کی لپیٹ میں ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک یہ آگ 650 سے زائد گھروں، دکانوں اور دیگر عمارتوں کو خاکستر کر چکی ہے جب کہ 135 جزوی تباہی کا شکار ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق 450 افراد کی آبادی کا کیسوک نامی گاؤں مکمل طور پر خاکستر ہوچکا ہے۔

حکام نے اس آگ کو 'کار فائر' کا نام دیا ہے جس سے مزید پانچ ہزار عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ آگ گزشتہ ہفتے بھڑکی تھی اور اب تک اس پر صرف پانچ فی صد ہی قابو پایا جاسکا ہے۔

ایک فائر فائٹر علاقے کی تاریخی عمارت کے باہر موجود ہے جب کہ پس منظر میں ایک کیبن میں آگ لگی ہوئی ہے۔
ایک فائر فائٹر علاقے کی تاریخی عمارت کے باہر موجود ہے جب کہ پس منظر میں ایک کیبن میں آگ لگی ہوئی ہے۔

ریاست کیلی فورنیا کے کئی اور مقامات پر بھی جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے اور حکام کے مطابق 17 مقامات پر آگ بجھانے والے عملے کے 12 ہزار اہلکار آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

امریکہ میں ہر سال موسمِ گرما میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات معمول ہیں اور اس وقت بھی ریاست ٹیکساس سے اوریگن تک 90 سے زائد مقامات پر جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔

تاہم 'کار فائر' کو حکام نے سب سے زیادہ خطرناک اور شدید قرار دیا ہے جو اب تک 95 ہزار ایکڑ پر لگے جنگلات اور جھاڑیوں کو خاکستر کرچکی ہے۔

XS
SM
MD
LG