رسائی کے لنکس

بالی وڈ فنکاروں کی دوسری شادی


بہت سے مشہور لوگوں کی دوسری شادی پہلی شادی سے زیادہ شہرت پاتی اور توجہ کا مرکز بن جاتی ہے

کہتے ہیں جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں اور کچھ جوڑوں کو دیکھ کر بے ساختہ لوگ کہہ اٹھتے ہیں ’میڈ فار ایچ ادر‘۔۔ لیکن، دلچسپ سوال یہ ہے کہ، ’کیا ایسا صرف ایک بار ہی ہوتا ہے؟‘

اس کا جواب ہے: ”جی نہیں۔۔۔۔کچھ لوگوں کی زندگی میں یہ موقع دوسری بار بھی آتا ہے!‘

بہت سے مشہور لوگوں کی دوسری شادی پہلی شادی سے زیادہ شہرت پاتی اور توجہ کا مرکز بن جاتی ہے۔ اب بالی وڈ کی چمکتی دمکتی دنیا کو ہی دیکھ لیجئے۔ یہاں کئی ایسے ’کپلز‘ ہیں جن کی دوسری شادی کی دھوم نے کئی ہفتوں تک ان کے پرستاروں اور میڈیا کو اپنا دیوانہ بنائے رکھا۔ اس کی بہترین مثال گزشتہ ماہ ہونے والی سیف علی خان اور کرینہ کپور کی شادی ہے۔۔ سیف علی خان کی یہ پہلی نہیں دوسری شادی ہے۔ پہلی شادی تو انہوں نے اداکارہ امرتا سنگھ سے کی تھی۔۔ ۔لیکن، کرینہ کے ساتھ شادی کے چرچے اب تک چل رہے ہیں۔۔

’یاہو انڈیا‘ ویب سائٹ نے بالی وڈ کے کچھ ایسے ہی دوسری شادی کرنے والے جوڑوں پرایک رپورٹ تیار کی ہے جو عوام میں بے حد مقبول ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ خوشی خوشی زندگی گزار رہے ہیں۔

سیف۔کرینہ

فلمی کیرئیر ٹھیک سے شروع بھی نہیں کیا تھا کہ پٹودی کے نواب امرتا سنگھ کو دل دے بیٹھے اور نوبت شادی تک جا پہنچی۔1991ءمیں جب امرتا سنگھ کامیابی کے عروج پر تھیں، دونوں نے شادی کرلی۔ لیکن، ان کے راستےجدا ہوئے سال سنہ2004میں جبکہ سیف اور کرینہ کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا ءسنہ2007میں اور دونوں سنہ 2012میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔۔کرینہ کی، سیف علی خان کی پہلی بیگم سے ہونے والے بچوں ، سارہ اور ابراہیم کے ساتھ بہت اچھی دوستی ہے اور یوں اب یہ سب ایک ’ہیپی فیملی ‘ ہیں۔

عامر خان۔کرن راوٴ

مسٹر پرفیکٹ عامر خان بھی دو بارشادی کر چکے ہیں۔ پہلی شادی اپنی بچپن کی محبت رینا سے سنہ1987میں کی جو پندرہ سال یعنی سنہ2002تک چلی۔۔عامر اور رینا کے بھی دو بچے جنید اور ایرا ہیں۔رینا سے علیحدگی کے بعد عامر نے ’لگان‘ میں ان کی معاون رہنے والی کرن راوٴ کو جیون ساتھی بنا لیا جن سے ان کا ایک بیٹا اذان ہے۔

دھرمیندر اور ہیما مالنی

ڈریم گرل ہیما مالنی اور ’ماچو مین‘ دھرمیندر کے طوفانی عشق کا انجام بھی شادی کی صورت میں سامنے آیا۔۔ کہتے ہیں ان دونوں کی محبت ’تم حسیں، میں جواں‘ کے سیٹ پر پروان چڑھی۔ پہلے سے شادی شدہ دھرمیندر نےجو دو بیٹوں کے باپ بھی تھے، اپنی خوابوں کی ملکہ کو پانے کے لئے مذہب تبدیل کیا اور مسلمان ہو گئے، کیونکہ ان کی پہلی بیوی پرکاش کور انہیں طلاق دینے پر رضامند نہیں تھیں۔۔دھرم جی اور ہیما مالنی کی شادی کو بتیس سال ہوگئے ۔ ان کی دو بیٹیاں ایشا اور آہنا ہیں۔

بونی کپور اور سری دیوی

’ہواہوائی‘ گرل سری دیوی نے زندگی کا ساتھی بنانے کے لئے چنا بالی وڈ کے چند بڑے پروڈیوسرز میں شمار کئے جانے والے بونی کپور کو۔ بونی کپور کی پہلی شادی آٹھ سال چلی جس میں وہ ایک بیٹے ارجن اور بیٹی انوشلا کے باپ بنے۔ سنہ1996میں بونی نے پہلی بیوی مونا کو طلاق دے کر سری دیوی سے شادی کرلی جن سے ان کی دو بیٹیاں جھانوی اورخوشی ہیں۔

کرشمہ کپور۔سنجے کپور

کرینہ کپور، کپور خاندان کی پہلی لڑکی نہیں جس نے شادی شدہ آدمی سے شادی کی۔ ان کی بڑی بہن کرشمہ کپور نے بھی سنہ 2003میں سنجے کپور کو زندگی کا ہمسفر بنایا جو پہلے ہی شادی شدہ تھے۔ ان کی پہلی شادی ڈیزائنر نندیتا مٹھانی سے ہوئی تھی۔ کرشمہ اور سنجے کے دو بچے سمائرا اور کیان ہیں۔

راج کندرا۔شلپا شیٹھی

راج اور شلپا کی شادی بالی وڈ کی سب سے زیادہ گفتگو کا موضوع بننے والی شادی رہی۔ شلپا سے پہلے راج کویتا کندرا کے شوہر تھے اور ان کی ایک بیٹی ہے۔ راج نے کویتا کو طلاق دے کر شلپا سے شادی کی۔ دونوں کا ایک بیٹا ہے۔

سنجے دت۔ مانیتا

بالی وڈ کے سنجو بابا نے ایک نہیں، دو نہیں بلکہ تین شادیاں کیں۔1987میں ریچا شرما کو زندگی کا ساتھی بنایا ۔ ان دونوں کی ایک بیٹی تریشالہ ہے۔ ریچا کے دنیا سے گزر جانے کے بعد سنجے نے 1998میں ریحا پلائی سے شادی کی جس کا اختتام 2005میں طلاق پر ہوا۔2008میں سنجے نے مانیتا کو اپنا ساتھی بنایاجنہوں نے 2010میں جڑواں بچوں ایک بیٹی اور ایک بیٹ کو جنم دیا۔۔

روینا ٹنڈن۔۔انیل تھڈانی

روینا ٹنڈن نے فلم ڈسری بیوٹر انیل تھڈانی سےسنہ 2004 میں شادی کی۔ انیل کی پہلی بیوی نتاشا سپی، فلم پروڈیوسر رومیو سپی کی بیٹی تھیں۔ ان کی شادی اس لحاظ سے تنازع کا شکار ہوئی کہ رومیوسپی نے نتاشا کی طلاق کا ذمہ دار روینا کو ٹھہرایا۔۔روینا اور انیل سنہ2005میں بیٹی رشہ اورسنہ 2007میں بیٹے رنبیر کے ماں باپ بن گئے۔

شبانہ اعظمی۔جاوید اختر

گیت کار جاوید اختر اور اداکارہ شبانہ اعظمی بالی وڈ کا ایسا جوڑا ہے جو اپنی صاف گوئی اور سماجی کاموں میں پیش پیش ہونے کی وجہ سے مشہور ہے۔ دونوں ہی اپنے اپنے شعبوں کا بہت بڑا نام ہیں۔شبانہ اور جاوید نےسنہ 1984میں شادی کی۔جاوید اختر کی یہ دوسری شادی تھی۔ ان کی پہلی بیوی ہنی ایرانی سے دو بچے فرحان اور زویا ہیں۔

راج ببر ۔سمیتا پٹیل

راج ببر کی پہلی بیگم نادرہ ظہیر ہیں اورجن سے ان کا ایک بیٹا آریا اور ایک بیٹی جوہی ہیں۔

راج ببر نے دوسری شادی کے لئے سمیتا پٹیل کا انتخاب کیا۔ ان کی شادی پر عورتوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں نے خوب شور مچایا اور سمیتا پاٹل کو ‘گھر توڑنے‘ والی قرار دے ڈالا۔۔ سمیتا بیٹے پریتک کو جنم دینے کے دو ہفتے بعد چل بسیں جس کے بعد راج ببر نے اپنی پہلی بیوی نادرہ سے اختلافات ختم کر لئے۔
XS
SM
MD
LG