رسائی کے لنکس

ریپبلیکن بجٹ سے روزگار کے مواقع کم ہوجائیں گے: اوباما


اُنھوں نے کہا کہ ریپبلیکن بجٹ کی شروعات ہی ایسے خاندانوں کے لیے ’ٹیکسوں میں کھلی چھوٹ‘ دینے سے ہوتی ہے جو ایک سال میں دس لاکھ ڈالر سے زیادہ کماتے ہیں

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح، بہت سارے امریکی سخت محنت کر رہے ہیں، لیکن وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ اُن کے حالات زندگی میں بہتری نہیں آ رہی۔

سنیچر کے دِن اپنے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں، صدر نے کہا کہ جو بجٹ تجاویز اُنھوں نے اس سال کے اوائل میں کانگریس کو بھیجی ہیں، اُن میں اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ’سب کے لیے مواقع پیدا ہوں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ اُن کے پیش کردہ بجٹ کے نتیجے میں متوسط درجے میں اضافہ آئے گا اور خسارے میں کمی واقع ہوگی، جس میں اُن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے نصف درجے کی کمی آچکی ہے۔

مسٹر اوباما نے کہا کہ ریپبلینز ’بہت مختلف‘ قسم کی بجٹ تجویز کرتے ہیں، جس کی بدولت مواقع کم ہوجائیں گے، اور اُن امریکیوں کے لیے مشکل پیدا ہوجائے گی جو محنت کے طفیل آگے بڑھنے کا عزم رکھتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ریپبلیکن بجٹ کی شروعات ہی ایسے خاندانوں کے لیے ’ٹیکسوں میں کھلی چھوٹ‘ دینے سے ہوتی ہے جو ایک سال میں دس لاکھ ڈالر سے زیادہ کماتے ہیں۔

ادھر، ریپبلیکن پارٹی کی طرف سے اپنے خطاب میں، جنوبی کیرولینا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹِم اسکاٹ نے کہا ہے کہ وفاق کی طرف سے روزگار کے لیے تربیت سے متعلق پروگرام نہ ہونے کے برابر ہیں، جو ہیں، وہ بھی افسر شاہی اور غیر مؤثر کارکردگی کی نذر ہوچکے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ان پروگراموں میں جان ڈالنے کے لیے ضروری ہے کہ ڈیموکریٹ نمائندگان کو چاہیئے کہ وہ ریپبلیکنز کی قانون سازی کا ساتھ دیں۔
XS
SM
MD
LG