رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی ترک ہم منصب سے واشنگٹن میں ملاقات


صدر اوباما نے جمعرات کو ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیارباقر میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر اردوان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

امریکہ کے صدر براک اوباما نے واشنگٹن میں اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ارودان سے ملاقات کی ہے۔

جوہری سلامتی سے متعلق جاری سربراہ کانفرنس کے موقع پر جمعرات کو دیر گئے ہونے والی اس ملاقات میں وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما نے ترک رہنما کو اپنے ملک کی طرف سے ترکی کی سلامتی کے عزم کا یقین دلایا۔

دونوں صدور نے شدت پسند گروپ داعش کے خلاف حکمت عملی پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

صدر اوباما نے جمعرات کو ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیارباقر میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر اردوان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

کرد اکثریتی آبادی والے اس علاقے میں ہوئے حملے کے دوران سات پولیس اہلکار اور 27 دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اوباما سے ملاقات سے قبل صدر اردوان سے امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے ملاقات کی تھی جس میں ترک حکام نے کرد باغی ملیشیا (وائے پی جی) کے معاملے پر فریقین میں پائے جانے والے اختلافات پر مایوسی کا اظہار کیا۔

وائے پی جی شام کی کرد جمہوری یونین پارٹی (پی وائے ڈی) کا مسلح دھڑہ ہے۔ امریکہ پی وائے ڈی کو شمالی شام میں داعش کے خلاف لڑائی میں اہم تصور کرتا ہے۔ تاہم ترکی اس گروپ کو کرستان ورکرز پارٹی سے منسلک کرتا جو کہ ترکی میں علیحدگی کی مسلح تحریک چلاتا آ رہا ہے۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد واشنگٹن میں ترک سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان تو تکرار بھی ہوئی۔ یہ مظاہرین بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے باہر جمع تھے جہاں صدر اردوان تقریر کر رہے تھے۔

ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق اس تقریب سے ترک سکیورٹی اہلکاروں نے ایک صحافی کو ہٹا دیا جب کہ دوسرے شخص کو محافظ نے لاتیں رسید کیں۔

XS
SM
MD
LG