رسائی کے لنکس

بیجنگ: امریکی و روسی صدور کی مختصر بات چیت


فائل
فائل

دونوں ملکوں کے حکام نے اس رابطے کو غیر رسمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کی بات چیت کی کوئی خاص سفارتی اہمیت نہیں ہے۔

چین میں جاری 'ایپک' سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکہ کے صدر براک اوباما اور ان کے روسی ہم منصب کے درمیان مختصر بات چیت ہوئی ہے۔

امریکی اور روسی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں صدور کے درمیان پیر کی شب ہونے والا رابطہ اتنا مختصر تھا کہ اس میں کسی بھی متنازع موضوع پر گفتگو نہیں ہوسکی۔

مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں صدور کے درمیان بات چیت چین کی میزبانی میں ہونے والے 'ایپک' سربراہی اجلاس کی بیجنگ میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے موقع پر ہوئی۔

تاہم دونوں ملکوں کے حکام نے اس رابطے کو غیر رسمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کی بات چیت کی کوئی خاص سفارتی اہمیت نہیں ہے۔

ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں کا کچھ دیر کے لیے ایک دوسرے سے سامنا ہواتھا اور انہیں اتنا وقت نہیں ملا جس میں تنازعات پر بات کی جاسکے۔

دوسری جانب 'کریملن' کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پیر کو ہلکی پھلکی بات چیت ہوئی ہے لیکن مستقبل قریب میں دونوں صدور کے درمیان مزید بات چیت کے امکانات بھی ہیں۔

خیال رہے کہ دونوں صدور رواں ہفتے برسبین میں ہونے والے 'جی-20' سربراہی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

'کریملن' کے ترجمان نے پیر کو بیجنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ پیر کو ہونے والی بات چیت خیرمقدمی کلمات تک ہی محدود رہی اور دونوں صدور نے آپس میں محض چند جملوں کا تبادلہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ دونوں صدور سمجھتے ہیں کہ انہیں آنے والے دنوں میں مزید گفتگو کے کئی مواقع میسر آئیں گے۔

خیال رہے کہ یوکرین میں جاری مسلح مزاحمت کے معاملے پر روس اور امریکہ کے تعلقات لگ بھگ گزشتہ ایک برس سے انتہائی کشیدہ ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان ایک بار پھر سرد جنگ کا سا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔

XS
SM
MD
LG