رسائی کے لنکس

پہلے براہِ راست مباحثے کے لیے اوباما، رومنی کی تیاریاں


دونوں صدارتی امیدواران کے درمیان بدھ کو ہونے والا مباحثہ 'یونی ورسٹی آف ڈینیور' میں ہوگا جس میں معیشت اور صحتِ عامہ جیسے داخلی امور پر بات کی جائے گی۔

امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخاب کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار اور موجودہ صدر براک اوباما اور ان کے ری پبلکن حریف مٹ رومنی کی اپنے پہلے مباحثے کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں جو بدھ کو ٹی وی پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

اپنی آبائی ریاست میسا چوسٹس میں کئی روز تک انتخابی مہم کی سرگرمیوں میں مصروف رہنےکے بعد مٹ رومنی پیر کو ریاست کولوراڈو کے شہر ڈینیور پہنچ گئے ہیں جہاں بدھ کا مباحثہ ہونا ہے۔

ڈینیور میں اپنے پرجوش حامیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتےہوئے ری پبلکن امیدوار نے کہا کہ صدر اوباما کے ساتھ ان کا مباحثہ "ہار جیت کے مقابلے سے بالاتر سرگرمی" ہے۔

اپنے خطاب میں مسٹر رومنی نے کہا کہ اس نوعیت کے مباحثے دونوں امیدواران کو اس بات کا موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ امریکہ کے آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں اپنے ارادوں کا اظہار کریں۔ ان کےبقول اس عمل کے نتیجے میں امریکی عوام کو اس انتخاب کا موقع میسر آئے گے کہ وہ اپنے لیے کیسا امریکہ چاہتے ہیں۔

مسٹر رومنی نے کہا کہ وہ ان مباحثوں کے منتظر ہیں اور اس بات پر خوش ہیں کہ انہیں صدر اوباما کے ساتھ ایسے تین مباحثوں میں شرکت کا موقع ملے گا جو آئندہ ایک ماہ کے دوران میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کولوراڈو کے لوگ اپنے ملک کےلیے ایک بہتر مستقبل کا انتخاب کریں گے کیوں کہ ان کے بقول، "ہم دوبارہ ایسے چار سالوں کے متحمل نہیں ہوسکتے جیسے ہم گزشتہ چار سال گزار آئے ہیں"۔

ادھر صدر اوباما منگل کا روز بھی اپنے انتخابی مشیران کے ساتھ نیواڈا کے ایک تفریحی مقام پر گزاریں گے جہاں وہ مباحثے کی تیاری کے لیے اتوار کو پہنچے تھے۔

دونوں صدارتی امیدواران کے درمیان بدھ کو ہونے والا مباحثہ 'یونی ورسٹی آف ڈینیور' میں ہوگا جس میں معیشت اور صحتِ عامہ جیسے داخلی امور پر بات کی جائے گی۔

دونوں امیدواران کی خارجہ پالیسی سے متعلق ترجیحات اور ایجنڈے دوسرے اور تیسرے مباحثے میں زیرِ بحث آئیں گے جو بالترتیب 16 اور 22 اکتوبر کو ہوں گے۔ تمام مباحثے ٹی وی پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے اور امکان ہے کہ ہر مباحثے کو لگ بھگ پانچ کروڑ ناظرین دیکھیں گے۔

رائے عامہ کے حالیہ جائزوں سے ظاہر ہوا ہے کہ صدارتی انتخاب میں 'سوئنگ اسٹیٹس' قرار دی جانے والی ریاستوں میں صدر اوباما کو میسا چیوسٹس کے سابق گورنر رومنی پر واضح سبقت حاصل ہے۔ ان ریاستوں کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ چھ نومبر کے انتخاب میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گی۔
XS
SM
MD
LG