رسائی کے لنکس

صدارتی مہم، امی گریشن کے خلاف بیانات سے گریز پر زور


کانگریس کے ’ہسپانوی کاکس انسٹی ٹیوٹ‘ سے اپنے خطاب میں، صدر اوباما نے کسی امیدوار کا نام نہیں لیا۔ تاہم، اُنھوں نے ریپبلیکن پارٹی کے اُن حضرات کی مذمت کی جو امی گریشن اصلاحات کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے خلاف سخت رائے کا اظہار کرتے ہیں

صدر براک اوباما نے امریکی سیاست میں شہریت اختیار کرنے والوں کے خلاف زور پکڑتے ہوئے جذبات کی مذمت کی ہے، جسے ریپبلیکن پارٹی کے صف اول کے متعدد صدارتی امیدواروں کے خلاف کھلی تنقید خیال کی جا رہی ہے۔

کانگریس کے ’ہسپانوی کاکس انسٹی ٹیوٹ‘ سے اپنے خطاب میں، صدر اوباما نے کسی امیدوار کا نام نہیں لیا۔ تاہم، اُنھوں نے ریپبلیکن پارٹی کے اُن حضرات کی مذمت کی جو امی گریشن اصلاحات کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے خلاف سخت رائے کا اظہار کرتے ہیں۔

صدر نے کہا کہ، ’اگر کوئی معاملہ ایسا ہے جِس پر یہ حضرات متوازن انداز کھو رہے ہیں تو وہ ہے امی گریشن کا‘۔

اُنھوں نے لاطینیوں کو درپیش بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے اور اس اقلیتی گروپ کو صحت عامہ کے مزید مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں اپنی انتظامیہ کی جانب سے حاصل ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

حالانکہ اُنھوں نے نام لے کر کسی کو مخاطب نہیں کیا، لیکن یوں محسوس ہوا کہ اوباما ریپبلیکن پارٹی کے صف اول کے نامزدگی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف اشارہ کر رہے تھے، جو اُن امیدواروں میں شامل ہیں جنھوں نے غیرقانونی امی گریشن کے معاملے پر سخت ترین مؤقف اختیار کر رکھا ہے۔

اوباما کے بقول، ’آپ کو احساس ہونا چاہیئے کہ امریکیوں کی عظمت دیواریں کھڑی کرنے میں نہیں، بلکہ ہماری بڑائی دوسروں کے لیے مواقع پیدا کرنے میں مضمر ہے‘۔

ٹرمپ نے، جِن کا انتخابی مہم کا نعرہ ’امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنائیں گے‘ ہے، غیر قانونی سرحدی دراندازی کو روکنے کے لیے، امریکہ اور میکسیکو کے درمیان دیوار تعمیر کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔ میکسیکو کے تارکین وطن کے بارے میں سخت بیان دینے پر بھی اُن پر بڑے پیمانے پر نکتہ چینی کی جاتی رہی ہے۔

اوباما کے اسٹیج پر آنے سے قبل، ہیلری کلنٹن نے، جنھیں ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخاب کی پرائمری مہم کے مرحلے پر اپنی پارٹی کی نامزدگی کے خواہش مندوں میں سبقت حاصل ہے، ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ہیلری نے کہا کہ ’مسئلہ یہ ہے کہ ریپبلیکن پارٹی کے سرکردہ امیدوار کہتے ہیں کہ میکسیکو کے امی گرینٹس اخلاقی طور پر بد چلن اور منشیات فروش ہیں‘۔

XS
SM
MD
LG