امریکہ کے صدر براک اوباما نے سوڈان اور جنوبی سوڈان کے لوگوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’جھگڑا ضروری نہیں‘‘ اور دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے پاس اپنے عوام کو جنگ میں نہ جھونکنے کا موقع ہے۔
صدر اوباما کا وڈیو پیغام ہفتہ کو انٹر نیٹ کی ایک سائیٹ ’’یو ٹیوب‘‘ پر نشر کیا گیا جس میں انھوں نے دونوں ملکوں سے ایک دوسرے کے خلاف فوجی کارروائیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے صدور اپنے تنازعات کے پر امن حل کے لیے مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کے لیے جرات کا مظاہرہ کریں۔
صدر اوباما کے اس پیغام سے ایک روز قبل سوڈان میں عوام اور رہنما حکومت کے اس دعوے پر خوشیاں منا رہے تھے کہ فوج نے ہیگلیگ میں تیل کے ذخائر کا کنٹرول جنوبی سوڈان سے واپس لے لیا ہے۔