رسائی کے لنکس

روس کے خلاف امریکہ اور یورپ مشترکہ اقدام کریں: اوباما


صدر براک اوباما
صدر براک اوباما

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپ مشترکہ طور پر اقدام کریں تاکہ روس کو یہ دکھایا جا سکے کہ اس کے خلاف تعزیرات عائد کرنے کے لیے دنیا متحد ہے۔

صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ روس کی طرف سے یوکرین میں کیے جانے والے اقدامات اس ملک کی آزادی اور خودمختاری کے لیے خطرہ ہیں لہذا امریکہ اور یورپ مل کر روس پر پابندیاں عائد کرنے کے اقدامات کریں۔

اتوار کو ملائیشیا میں گفتگو کرتے ہوئے صدر اوباما کا کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپ کو مشترکہ طور پر اقدام کریں تاکہ روس کو یہ دکھایا جا سکے کہ اس کے خلاف تعزیرات عائد کرنے کے لیے دنیا متحد ہے۔

مسٹر اوباما کا کہنا تھا کہ بحرانی صورتحال میں کمی کے لیے روس کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا لیکن "روس نے اس کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا۔"

ہفتے کو امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے روس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مشرقی یوکرین میں روس نواز مسلح افراد کے ہاتھوں جمعہ سے یرغمال بنائے گئے یورپی مبصرین کی رہائی کے لیے معاونت کرے۔

محکمہ خارجہ کے ایک سینیئر عہدیدار کے مطابق کیری نے یہ مطالبہ اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کیا۔

بعد ازاں ماسکو کا کہنا تھا کہ اس کے بقول " وہ معاملے کے حل لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے"، لیکن اس یوکرین کے عہدیداروں پر الزام عائد کیا کہ وہ مبصرین کی ٹیم کے تحفظ اور سلامتی میں ناکام رہے۔

مشرقی شہر سلوویانسک میں علیحدگی پسندوں نے جمعہ کو ویانا میں مقیم تنظیم کے درجن سے زائد افراد کو لے جانے والے ایک بس پر قبضہ کر لیا تھا۔

اس بس پر جرمنی کی زیر قیادت مبصرین کی ٹیم سوار تھی جو کہ چار فریقی معاہدے کے تحت یوکرین میں روسی بولنے والے اکثریتی علاقوں میں سلامتی اور انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آئی تھی۔

یوکرین کی صورتحال پر جنیوا میں ہونے والے معاہدے پر امریکہ، روس، یورپی یونین اور یوکرین نے دستخط کیے تھے۔
XS
SM
MD
LG