رسائی کے لنکس

صدراوباما اور صدر زرداری میں مختصر ملاقات


صدر اوباما نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے نیٹو، آئی سیف، اور امریکہ سے تعلقات کشیدہ ہیں لیکن انہوں نے کہا کہ تمام معاملات کے حل کے لیے کام ہو رہا ہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے پاکستانی صدر آصف زرداری سے اپنی مختصر گفتگو میں پاکستان کو مسائل کے حل میں حصّہ دار بننے کی تلقین کی۔

شکاگو میں نیٹو سربراہی اجلاس کے اختتام پر اپنی پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں صدر اوباما نے بتایا کہ پیر کی صبح ان کی صدر زرداری سے مختصر گفتگو اس وقت ہوئی جب وہ نیٹو اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ دونوں صدور نے چلتے چلتے جو بات چیت کی اس میں صدر اوباما نے صدر زرداری کو بتایا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور جمہوری پاکستان امریکہ کے بھی مفاد میں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی صدر زرداری نے انہیں یقین دلایا ہے کہ تمام معاملات کا حل ڈھونڈا جا سکتا ہے۔

ایک مختلف سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی صدر زرداری سے نیٹو سپلائی لائن کھلنے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شکاگو آنے سے پہلے ہی جانتے تھے کہ یہ معاملہ یہاں حل نہیں ہوگا۔

صدر اوباما نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے نیٹو، آئی سیف، اور امریکہ سے تعلقات کشیدہ ہیں لیکن انہوں نے کہا کہ تمام معاملات کے حل کے لیے کام ہو رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG