رسائی کے لنکس

اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ: شان مسعود کی سینچری، پاکستان کی پوزیشن مضبوط


افتتاحی بلے باز شان مسعود کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

پاکستان نے جمعرات کو اپنی نامکمل اننگز 139 رنز دو وکٹوں کے نقصان سے دوبارہ شروع کی تو نائب کپتان بابر اعظم 69 اور اوپننگ بلے باز شان مسعود 46 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دوسرے روز کھیل کے آغاز پر بابر اعظم اور اسد شفیق کے جلد آؤٹ ہو جانے کے باوجود شان مسعود نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔

شان مسعود نے 14 چوکوں کی مدد سے 251 گیندوں کا سامنا کر کے انگلینڈ میں اپنی پہلی سینچری مکمل کی۔

دوسرے روز کھیل کے آغاز پر بابر اعظم پہلے ہی اوور میں جیمز اینڈرسن کی گیند پر اسٹورٹ براڈ کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز اسد شفیق بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ رک سکے اور صرف سات رنز بنا کر اسٹورٹ براڈ کا شکار بن گئے۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کرونا وبا کی وجہ سے شائقین کے بغیر یہ ٹیسٹ سیریز کھیلی جا رہی ہے جب کہ پہلی بار یہ تجربہ کیا جا رہا ہے کہ نو بال کی کال اب ٹی وی امپائر دے گا۔

پاکستان کی ٹیم لگ بھگ ایک ماہ قبل ہی سیریز کے لیے انگلینڈ پہنچ گئی تھی، جہاں کرونا کی وجہ سے ٹیم نے بائیو سیکیور ماحول میں ٹریننگ کی۔

XS
SM
MD
LG