رسائی کے لنکس

ایک حلقہ، تین دن اور تین جلسے


این اے 246 کراچی VIII میں انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں اور انہی کے تحت جمعہ، ہفتہ اور اتوار تینوں دن تین بڑی جماعتوں نے جلسوں کے انعقاد کا اعلان کیا ہوا ہے، جبکہ ایک جلسہ آخری انتخابی حلقے سے ایک ہفتے بعد یعنی 26 اپریل کو لیاری کے ککڑی گراوٴنڈ میں ہوگا

کراچی میں ان دنوں گویا انتخابی جلسوں کی بہار آئی ہوئی ہے۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 246 کراچی VIII میں انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں اور انہی کے تحت جمعہ، ہفتہ اور اتوار تینوں دن تین بڑی جماعتوں نے جلسوں کے انعقاد کا اعلان کیا ہوا ہے، جبکہ ایک جلسہ آخری انتخابی حلقے سے ایک ہفتے بعد یعنی 26 اپریل کو لیاری کے ککڑی گراوٴنڈ میں ہوگا۔

اگرچہ یہ انتخابی جلسہ نہیں، لیکن سیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ شاید پیپلز پارٹی اس جلسے سے بلدیاتی انتخابات کے لئے عوامی رابطہ مہم کی راہیں کھول رہی ہے۔ یوں بھی لیاری پیپلز پارٹی کا انتہائی مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

جمعہ17 اپریل کو جماعت اسلامی کی خواتین ونگ کا جلسہ ہوا، ہفتہ 18اپریل کو متحدہ قومی موومنٹ جلسہ کرے گی، جبکہ تحریک انصاف نے تقریباً ایک ماہ پہلے سے اتوار 19اپریل کے جلسے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

جماعت اسلامی کے خواتین ونگ کا جلسہ
جمعہ کو شاہراہ پاکستان سے متصل عائشہ منزل پر جماعت اسلامی کے تحت خواتین ونگ کا جلسہ ہوا، جبکہ اس سے قبل 12اپریل کو بھی جماعت اسلامی نے اسی جگہ جلسہ عام منعقد کیا تھا۔

ہفتہ 18اپریل کو متحدہ قومی موومنٹ کا جلسہ
سندھ کی دوسرے اہم اور بڑی جماعت، متحدہ قومی موومنٹ نے 18 اپریل کو کریم آباد پر جلسے کا اعلان کیا ہے۔ ضمنی انتخاب کی پوری مہم میں وسیع پیمانے پر ایم کیو ایم کی جانب سے منعقد ہونے والا یہ پہلا جلسہ ہوگا۔ جلسہ کریم آباد اور لیاقت آباد نمبر 10 کے فلائی اوور پر ہوگا۔ جلسے سے ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین سے اہم خطاب کریں گے۔

اتوار 19اپریل کو پی ٹی آئی کا جلسہ
یہ وہی جلسہ ہے جو پہلے جناح گراوٴنڈ عزیزآباد میں ہونا تھا، مگر اب شاہراہ پاکستان پر ہوگا۔ پارٹی رہنما عمران خان اس جلسے سے خطاب کے لئے اسلام آباد سے کراچی پہنچیں گے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ ان کی اہلیہ ریحام خان بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ اس جلسے کو پی ٹی آئی اور اس کی حریف جماعت ایم کیو ایم دونوں اہم قرار دے رہی ہیں۔

اتوار26 اپریل کو پیپلز پارٹی کا جلسہ
یہ جلسہ ضمنی انتخاب کے حوالے سے نہیں ہو رہا، لیکن پھر بھی اسے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے دیرینہ رہنما پروفیسر این ڈی خان کا کہنا ہے کہ ’لیاری ہمیشہ سے پیپلز پارٹی کا قلعہ رہا ہے اور آج بھی لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے لیاری میں بہت سے ترقیاتی کام کئے ہیں۔ تعلیمی ادارے، یونیورسٹی، اسپتال اور دیگر ادارے قائم کئے ہیں۔ لیکن، بدقسمتی سے گینگ وار کے ہاتھوں خرابی پیدا ہوئی جس پر قابو پالیا گیا ہے۔ لہذا، اب ایک بار پھر لیاری میں پیپلز پارٹی کے جھنڈے لہرائیں گے‘۔

پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کے ایک عہدیدار نے وی او اے کو بتایا کہ کراچی کے تمام سٹی ایریاز میں اس جلسے کے حوالے سے کارنر میٹنگز منعقد کئے جانے کا پروگرام ہے، جبکہ لیاری جلسے کے حوالے سے شہر بھر میں استقبالیہ کیمپس بھی قائم کئے جارہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG