رسائی کے لنکس

وسطی جمہوریہ افریقہ میں امن مشن کا ایک اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب گزشتہ ہفتے ہی پانچ بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے وسطی جمہوریہ افریقہ کے شمالی علاقوں کے لیے اپنی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔

وسطی جمہوریہ افریقہ میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے اہلکاروں کے قافلے پر ہونے والے ایک حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور دیگر آٹھ زخمی ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے مشن کے منگل کو بتایا کہ ایک روز قبل اس قافلے پر ملک کے جنوب مشرقی حصے میں نامعلوم حملہ آوروں نے حملہ کیا جس میں امن مشن کے چار اہلکار لاپتا بھی ہوگئے۔

مرنے والے اہلکار کا تعلق کمبوڈیا سے بتایا گیا ہے جب کہ زخمیوں میں کمبوڈیا اور مراکش کے اہلکار شامل ہیں۔

مشن کے ایک بیان کے مطابق جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں ایک ہیلی کاپٹر اور دیگر اہلکار روانہ کر دیے گئے ہیں اور لاپتا ہونے والے اہلکاروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

مشن کے ترجمان نے بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی 'روئٹرز' کو بتایا کہ "ممکنہ طور پر یہ لاپتا اہلکار حملے کے بعد کہیں چھپ گئے ہوں۔"

یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب گزشتہ ہفتے ہی پانچ بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے وسطی جمہوریہ افریقہ کے شمالی علاقوں کے لیے اپنی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔

اس اقدام کی وجہ امدادی کارکنان پر متحارب گروپوں کی طرف سے حملے بتائے گئے تھے۔

وسطی جمہوریہ افریقہ امدادی تنظیموں کے لیے دنیا کا خطرناک ترین ملک تصور کیا جاتا ہے اور گزشتہ ہفتے ہی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سرگرمیوں کے لیے اقوام متحدہ کے معاون دفتر نے کہا تھا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اس ملک میں امدادی کارکنوں پر کم از کم 33 حملے ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG