ایک معروف افغان گلوکار فرہاد دریا اور ان کی بیوی سلطانہ کا کہنا ہے کہ وہ لاکھوں افغان باشندوں کو اس سردی میں بھوک سے تڑپتا نہیں دیکھ سکتے۔امریکی ریاست ورجینیا میں دونوں نے اپنے گھر سے ’ گو فنڈ می‘( GoFund Me) ویب سائٹ پر لوگوں سے عطیات اور خوراک کی ایک ہنگامی اپیل کی ہے جو انتہائی ضرورت مند افغان باشندوں کو پہنچائی جائے گی۔
عطیات دہند گان نے فوری طور پر فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکتیس ہزار ڈالر جمع کرادیےلیکن افغان نژاد امریکی جوڑا ابھی تک یہ رقم ضرورت مندوں تک نہیں پہنچا سکا ،جس کا سبب قانونی رکاوٹیں بتائی جاتی ہیں۔
گو فنڈ می نامی ویب سائٹ کا، جہاں اس جوڑے نے رقم جمع کی ہے ، کہناہے کہ وہ افغانستان میں یہ رقم براہ راست لوگوں تک نہیں پہنچا سکا ہے، کیونکہ ملک پر طالبان کا کنٹرول ہے۔حال ہی میں اعلان کی گئی پالیسی کے مطابق ،گو فنڈ می کا کہنا ہے کہ اسے یہ یقین دلانا ہوگا کہ وہ تمام قوانین اور ضابطوں پر عملدرآمد کر رہا ہےاور فنڈ اکٹھا کرنے والے منتظمین اور عطیہ دہندگان کا تحفظ کررہا ہے۔
امریکہ نے افغانستان کے سنٹرل بینک سمیت طالبان کے تمام اداروں پر سخت اقتصادی اور مالی پابندیاں عائد کر دی ہیں ،لیکن امریکی عہدیداروں نے ملک میں صرف انسانی ہمدردی کے لیے کام کرنے والے اداروں کو ان پابندیوں سے استثنا دیا ہے۔
وزارت خزانہ کے عہدیداروں نے غیر منافع بخش تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے اور انہیں یقین دلایا ہے کہ انہیں انسانی ہمدردی کے کاموں پر کوئی سزا نہیں دی جائے گی۔نائب وزیر خزانہ برائن نیلسن نے غیر منافع بخش تنظیموں کے لیڈروں کے تازہ ترین سوالات کا جواب دیتے ہوئے،افغانستان میں انسانی ہمدردی کی امداد کی فراہمی میں مزید سہولت اور تجارتی سرگرمیوں میں شفافیت پر زور دیا۔
اقوام متحدہ نے متنبہ کیا ہے کہ اس سردیوں کے موسم میں لاکھوں لوگ بھوک کا شکار ہوں گےاور فرہاد دریا اور ان کی بیوی اس ہنگامی ضرورت کو سمجھتے ہیں ۔فرہاد نے وائس آف امریکہ کو بتا یا کہ لوگوں کو اس لمحے خوراک ،دواؤں اور سر چھپانے کی ضرورت ہے۔
گو فنڈ می ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ وہ فنڈجمع کرنے والوں کی نیت کو سمجھتے ہیں کہ وہ افغانستان میں ضرورت مندوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ امریکی قوانین اور ضابطوں کی حکم عدولی نہیں کرسکتے۔اس سے پہلے کہ فنڈ ٹرانسفر ہوں ،افغانستان کے فنڈنگ مہم کے منتظمین کی پہلے گو فنڈ می کے ٹرسٹ اور سیفٹی ٹیم کی طرف سے تصدیق ضروری ہے۔
فنڈنگ پلیٹ فارم نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ عمل ،متوقع طور پر اپیل کے منتظمین اور عطیات دہندگان دونوں کو تحفظ فراہم کرے گا اور امریکی حکومت کے قوانین اور ضابطوں کی پاسداری کا یقین دلائے گا۔