رسائی کے لنکس

’اوباماکیئر‘ کے مخالف نے صحت عامہ کے اعلیٰ ترین اہل کار کا عہدہ سنبھال لیا


پرائیس کا تعلق جارجیا کی ریاست سے ہے۔ وہ ایوانِ نمائندگان کے ایک پرانے رُکن اور آرتھوپیڈک سرجن ہیں۔ وہ ’افرڈایبل کیئر ایکٹ‘ کے مخالف رہے ہیں، جسے ’اوباما کیئر‘ بھی کہا جاتا ہے

نائب صدر مائیک پینس نے وائٹ ہاؤس میں جمعے کے روز منعقدہ ایک تقریب میں، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے نامزد کردہ وزیر صحت سے عہدے کا حلف لیا۔

اِس سے چند ہی گھٹے قبل، امریکی سینیٹ نے ایوانِ نمائندگان کے ری پبلیکن رُکن، ٹام پرائیس کی نامزدگی کی منظوری دی۔ اُن کے حق میں 52، جب کہ مخالفت میں 47 ووٹ پڑے۔ سینیٹ کا اجلاس شام گئے تک جاری رہا اور جمعے کی صبح سینیٹروں نے ٹام پرائیس کو محکمہٴ صحت اور انسانی خدمات کا نیا سربراہ مقرر کیا۔

پرائیس کا تعلق جارجیا کی ریاست سے ہے۔ وہ ایوانِ نمائندگان کے ایک پرانے رُکن اور آرتھوپیڈک سرجن ہیں۔ وہ ’افرڈایبل کیئر ایکٹ‘ کے مخالف رہے ہیں، جسے ’اوباما کیئر‘ بھی کہا جاتا ہے۔

سینیٹ کے اکثریتی قائد، مِچ مکونیل کا تعلق کنٹکی سے ہے، اور وہ ایک نامور ری پبلیکن ہیں۔ بقول اُن کے، ’’کسی دوسرے کے مقابلے میں، صحت کی دیکھ بھال کے معاملے پر پرائس کو بہت زیادہ پتا ہے‘‘۔

مکونیل نے کہا کہ پرائیس ’’صحت کی دیکھ بھال کی مارکیٹ میں استحکام کا باعث بنیں گے، جسے اوباماکیئر نے نقصان پہنچایا ہے‘‘۔

وزیر صحت کی حیثیت سے، 62 برس کے پرائیس اُس مہم کی قیادت کریں گے جس سے صحت کی دیکھ بھال کے قانون کو ختم کیا جائے گا، جس کی بدولت دو کروڑ امریکیوں کو صحت کے بیمے کی سہولت دستیاب ہوئی۔

ری پبلیکنز نے کہا ہے کہ وہ ’اوباما کیئر‘ کو بدلنا چاہتے ہیں۔ لیکن، ابھی تک اِس کے متبادل پر اتفاق نہیں کیا۔

پرائیس کے علاوہ، سینیٹ نے بطور وزیر خارجہ، ریکس ٹِلرسن؛ بطور وزیر دفاع، جِم میٹس؛ اٹارنی جنرل کے لیے جیف سیشنز، ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر کے طور پر جان کیلی، وزیر مواصلات کے لیے الین چاؤ اور بیٹسی ڈیووس کی بطور وزیر تعلیم نامزدگی کی توثیق کی ہے۔

XS
SM
MD
LG