رسائی کے لنکس

آؤٹ آف فارم وراٹ کوہلی کی آئی سی سی رینکنگ میں بھی تنزلی


وراٹ کوہلی
وراٹ کوہلی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی کے آؤٹ آف فارم ہونے کا اثر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کی گئی تازہ رینکنگ میں بھی نظر آ رہا ہے۔

کوہلی جو بابر اعظم کے ہاتھوں حال ہی میں ایک روزہ کرکٹ میں ٹاپ پوزیشن گنوا چکے ہیں اب ٹیسٹ رینکنگ میں بھی ٹاپ فائیو سے نیچے چلے گئے ہیں۔

اُن کی جگہ بھارتی اوپنر روہت شرما نے پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے جب کہ وراٹ کوہلی تنزلی کے بعد چھٹی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ وراٹ کوہلی گزشتہ دو برس کے دوران ٹیسٹ میچز میں کوئی بھی سینچری اسکور نہیں کر سکے جب کہ انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں بھی وہ خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن دوسری، آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ تیسری، آسٹریلیا کے ہی مارنس لیبو شین چوتھی جب ک بھارت کے روہت شرما پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

پاکستان کے بابر اعظم ٹیسٹ بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے ایک روزہ میچز کی جاری کی گئی تازہ رینکنگ میں بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جب کہ وراٹ کوہلی دوسرے، روہت شرما تیسرے، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر چوتھے جب کہ آسٹریلیا کے ایرن فنچ پانچویں نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پہلے جب کہ بابر اعظم دوسرے نمبر پر ہیں۔

بھارت کے وراٹ کوہلی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ پہلے، بھارت دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔

ون ڈے رینکنگ میں بھی نیوزی لینڈ پہلے، انگلینڈ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، بھارت چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں جب کہ پاکستان کا چھٹا نمبر ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ پہلے، بھارت دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG