رسائی کے لنکس

پاکستان اور چین کے درمیان آٹھ معاہدوں پر دستخط


دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے آٹھ منصوبوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے جمعہ کو بیجنگ میں چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی ہے۔

دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تکنیکی اور معیشت کے مختلف شعبوں میں آٹھ معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

یہ دستخط پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے پہلے غیر ملکی سرکاری دورہ چین کے موقع پر جمعہ کو بیجنگ میں کیے گئے۔

ان میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی راہداری کا مجوزہ منصوبہ بھی شامل ہے جسے چین اور پاکستان خطے میں ترقی کے لیے نہایت اہم قرار دے رہے ہیں۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق لگ بھگ اٹھارہ ارب ڈالر کے اس طویل المدت منصوبے کے تحت تقریباً دو سو کلومیٹر طویل سرنگوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔

پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے معاہدے پر دستخط کیے، اُنھوں نے بعد میں سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں اس منصوبے کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا ’’ریل اور روڈ کا لنک بنے گا، اس تجارتی راہدای پر گوادر اور ملک کے مختلف حصوں میں اقتصادی اور صنعتی شہر آباد ہوں گے۔‘‘

اقتصادی اور تکنیکی تعاون سے متعلق معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے جس میں ٹیکسٹائل کے تربیتی کورسز، سیلاب کے دوران امدادی کارروائی اور تباہی سے بچنے کے انتظام اور پولیو کے خاتمے کے آلات کی فراہمی شامل ہیں۔

پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے وزیراعظم نواز شریف پہلے ہی چین سے معاونت اور ان کے تجربے سے استفادہ کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

ملک میں مقامی وسائل سے شمسی توانائی کے منصوبے کے بارے میں بھی پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

علاوہ ازیں چین سے پاکستانی شہر راولپنڈی تک فائبر آپٹک بچھانے کے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے جس سے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر مواصلاتی نظام میں بہتری ممکن ہوگی۔ چار کروڑ چالیس لاکھ ڈالر کے اس منصوبے کے لیے چین 85 فیصد سرمایہ فراہم کرے گا۔

اُدھر دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے علاوہ دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھی قریبی روابط ہیں۔

’’دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بہت قریبی تعاون ہے۔‘‘

مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے جون کے پہلے ہفتے میں وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے چین کا انتخاب کیا اور اُن کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح کے لیے اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے کام کریں گے۔
XS
SM
MD
LG