پاکستان کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات اور تنازع جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کا خواہاں ہے۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار سبکدوش ہونے والے خارجہ سیکرٹری اور بھارت کے لیے نامزد ہائی کمشنر سلمان بشیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر گیلانی نے تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے، اقتصادی، تجارت اور توانائی کے شعبہ میں مفید تعاون کے فروغ کے لیے سلمان بشیر کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
’’وزیر اعظم نے واضح کیا کہ علاقائی امن، سلامتی، خوشحالی اور استحکام کا فروغ پاکستان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انھوں نے کہا کہ انصاف پر مبنی اور برابری کی بنیاد پر جموں و کشمیر کے تنازع کا حل ایک ترجیح ہے جو بھارت اور پاکستان کے باہمی طور پر مفید تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔‘‘
اس موقع پر پاکستانی وزیر اعظم نے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’امن کے پیامبر‘‘ ہیں۔