رسائی کے لنکس

سینیٹ اور ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی دلچسپ اور حیرت انگیز تفصیلات جاری


ایک عوامی عہدے دار 18 کروڑ مالیت کی گاڑی کا مالک ہے جو انہیں تحفے میں ملی ہے جبکہ ایک رکن اسمبلی کئی کروڑ کا مقروض ہے۔ کئی ارکان اسمبلی کے اثاثوں میں اس سال کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے منگل کو سینیٹ اور صوبہ سندھ،بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ کی اسمبلیوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ ان تفصیلات کے کا بغور جائزہ لیں تو بہت سی دلچسپ اور کچھ حیران کن باتیں سامنے آتی ہیں مثلاً4میں سے 2وزرائے اعلیٰ ایک بھی گاڑی کے مالک نہیں جبکہ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ تن تنہا تین گاڑیوں کے مالک ہیں۔ ان گاڑیوں میں ایک گاڑی ایسی بھی ہے جس کی قیمت 18کروڑ روپے ہے۔ ان کے مطابق یہ گاڑی انہیں تحفے میں ملی ہے۔

خیبر پختونخواہ اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ یعنی امیر حیدرہوتی اور سید قائم علی شاہ کے پاس اپنی گاڑیاں نہیں جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے پاس تین گاڑیاں ہیں جن میں ایک کی مالیت اٹھارہ کروڑ روپے ہے جو انہیں تحفے میں ملی ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نثارکھوڑواورشہلا رضا کے پاس بھی کوئی گاڑی نہیں جبکہ پیرمظہرالحق،مراد علی شاہ،ایازسومرو اورنرگس این ڈی خان بھی کسی گاڑی کی ملکیت نہیں رکھتے۔اور تو اور سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت حسین بھی آج تک ’کوئی گاڑی نہیں خرید سکے‘۔

دوسری جانب کچھ ارکان ایسے بھی ہیں جن کی جائیدادیں اندرون ملک کے علاوہ اسپین، دبئی،امریکہ اور لندن میں بھی ہیں ۔ سندھ کے رکن اسمبلی شرجیل میمن کی ’غربت ‘کا حال یہ ہے کہ وہ ’سوا چارکروڑ روپے‘ کے مقروض ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق ارباب غلام رحیم6 کروڑ66 لاکھ کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ چوہدری شجاعت کے پاس7 کروڑ79 لاکھ کے اثاثے ہیں۔ جہانگیر بدر کے پاس95 لاکھ اورصابر بلوچ کے پاس70لاکھ کی جائیداد ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے اثاثوں کی ملکیت سوا15 ملین ہے۔ وسیم سجاد 13 کروڑ96لاکھ کے اثاثے رکھتے ہیں ۔

سینیٹرپرویزرشید کے بینک میں صرف1 لاکھ 24 ہزار روپے ہیں اور وہ بھی کسی گاڑی کے مالک نہیں۔ بابراعوان کی اسپین میں2 کروڑکی جائیداد ہے۔ان کے کل 360ملین روپے کے اثاثے ہیں۔حفیظ شیخ کے پاس دبئی میں70ملین کامکان ہے جبکہ 27 ملین روپے ان کے امریکہ میں ہیں۔

رحمن ملک کے سابق اثاثے برقرارہیں اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔انہوں نے اہلیہ کے نام کاروبار ظاہرکیاہے۔ منظور وسان نے163 ملین روپے سے زائد کے اثاثے ظاہر کئے۔بشیراحمد بلور 6کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

اثاثوں کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق میاں افتخار حسین کے پاس سن 1992ء کی 10لاکھ کی گاڑی ہے۔ وہ8 ایکڑزرعی زمین،5 لاکھ کاکاروبار20تولے سونا رکھتے ہیں۔ پیرصابرشاہ کے بینک میں 3 لاکھ روپے ہیں۔انہو ں نے 5 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی بھی ظاہر کی ہے۔

پیرصابر کے اثاثوں میں راولپنڈی میں 10،10مرلے کے 2 پلاٹ بھی ہیں ۔ اکرم درانی ڈھائی لاکھ کی زرعی زمین،ایک گاڑی،20تولے سونے کے مالک ہیں۔ شرجیل میمن کے ذمہ4 کروڑ17 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔ پیرمظہرالحق کے پاس55 لاکھ 80 ہزار کے اثاثے ہیں۔

XS
SM
MD
LG