پاکستان ، افغانستان اور ترکی کے سربراہان مملکت کا سہ فریقی سربراہی اجلاس پیر کو ترکی میں ہو رہا ہے جس میں صدر آصف علی زرداری اپنے ترک اور افغان ہم منصبوں سے افغانستان سمیت خطے کے اُمور پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
ترکی میں پاکستان کے سفیر طارق عزیز الدین نے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کو بتایا ہے کہ اس سربراہی اجلاس کا بنیادی مقصدافغانستان میں امن وامان اور سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد دینا ہے ۔
واضح رہے کہ افغانستان کے موضوع پر رواں ماہ کی 28 تاریخ کو لندن میں عالمی کانفرنس بھی منعقد کی جارہی ہے جس میں دنیا کے 70 ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہالبروک نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ لند ن کانفرنس میں امریکہ سمیت دوسرے ملکوں کو افغانستان کے لیے حمایت حاصل کرنے کا اچھا موقع ملے گا۔
اُدھر پاکستان کے دوست ممالک ”فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان“کا اجلاس منگل سے دبئی میں شروع ہورہا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اجلاس کی صدرات پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور متحدہ عرب امارت کے وزیر خارجہ مشترکہ طور پر کریں گے ۔
عبدالباسط نے کہا اس اجلاس میں اُن کے ملک کے توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، زراعت ،صحت اور تعلیم کے شعبوں کو منتخب کیا ہے اورجنہیں اجلاس کے شرکا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔