رسائی کے لنکس

پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر مسائل پر بات چیت


پاکستانی وزیر خارجہ اور امریکی نمائندہ خصوصی
پاکستانی وزیر خارجہ اور امریکی نمائندہ خصوصی

پاکستان اور امریکہ ے عہدیداروں کے درمیان جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی۔

پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کی جب کہ امریکی وفد کی سربراہی امریکہ کے خصوصی نمائندے برائے پاکستان و افغانستان مارک گراسمین کر رہے تھے۔

بعد ازاں پاکستانی سیکرٹری خارجہ کے ساتھ صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے مارک گراسمین نے بتایا کہ پاک امریکہ تعلقات کے لیے پاکستانی پارلیمان کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے جو کوششیں کی جارہی ہیں امریکہ اس کا احترام کرتا ہے۔

انھوں نے ایک بار پھر امریکہ کے اس موقف کو دہرایا کہ ان کا ملک پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہےاور پارلیمانی جائزہ مکمل ہونے کے بعد دونوں ملکوں کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے ساتھ پارلیمان کے وضع کردہ رہنما اصولوں کے تحت دوبارہ تعلقات شروع کرنے کا خواہاں ہے۔

انھوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کی بنیاد شفافیت اور اعتماد پر قائم ہونی چاہیے۔

پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے افغانستان اور خطے میں امن وسلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

XS
SM
MD
LG