رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: فضائی کارروائی میں 76 'شدت پسند' ہلاک


جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔

افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پاکستانی فورسز کی تازہ فضائی کارروائیوں میں کم ازکم 76 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے مطابق دتہ خیل کے علاقے میں یہ کارروائیاں منگل کو کی گئیں اور اس دوران شدت پسندوں کے چھ ٹھکانے اور اسلحے کے ایک ذخیرے کو تباہ کر دیا گیا۔

فضائی کارروائیوں میں بارود سے لدی سات گاڑیوں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔

گزشتہ اتوار کو بھی دتہ خیل کے علاقے میں جیٹ طیاروں سے کی گئی کارروائی میں 35 شدت پسند مارے گئے تھے جن میں حکام کے بقول غیر ملکی عسکریت پسند بھی شامل تھے۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال جون سے شمالی وزیرستان میں ضرب عضب کے عنوان سے شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کر رکھی ہے جس میں اب تک 1200 سے زائد ملکی و غیر ملکی عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

منگل کو ہی پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک اور قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کا دورہ کیا اور وہاں موجود فوجیوں سے ملاقات کی۔

انھوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔

جنرل راحیل نے کہا کہ تمام قبائلی علاقوں میں تعمیرنو اور بحالی کی جامع اور یکساں پالیسی سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

XS
SM
MD
LG