رسائی کے لنکس

پاکستان کی امداد میں کٹوتی نہ کی جائے: امریکی ارکان کانگریس


ڈیموکریٹک سینیٹر پیٹرک لی ہے سینیٹ میں ایک ہیرنگ کے دوران
ڈیموکریٹک سینیٹر پیٹرک لی ہے سینیٹ میں ایک ہیرنگ کے دوران

امریکی کانگریس کے کئی اہم اراکین نے گرفتار امریکی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کےلیے پاکستانی حکومت پر دباؤئالنے کی غرض سے پاکستان کو دی جانے والی امریکی امداد میں رکاوٹ یا کٹوتی کی تجاویز کی مخالفت کی ہے۔

فرانسیسی خبر ساں ایجنسی "اے ایف پی" کے مطابق امریکی سینیٹ کی بیرونی امداد سے متعلق سب کمیٹی کے سربراہ ڈیموکریٹ سینیٹر پیٹرک لیہے نے ایجنسی کے پوچھے گئے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ آیا ڈیوس کی رہائی کیلیے دباؤ ڈالنے کی غرض سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی امریکی امداد روک دی جانی چاہیے۔

سینیٹر لیہے نے سوال کے جواب میں صرف اتنا کہنے پر اکتفا کیا کہ وہ "اس صورتِ حال پر سنجیدگی سے نظر رکھے ہوئے ہیں"۔

تاہم سینیٹر لیہے کے برعکس ان کی کمیٹی میں شامل اہم ری پبلکن رکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے اس تجویز کی سختی سے مخالفت کی ہے۔

اے ایف پی سے گفتگو میں سینیٹر گراہم کا کہنا تھا کہ امریکہ کو افغانستان میں جاری جنگ اور دہشت گردوں کے تعاقب کےلیے پاکستان کی قریبی مدد درکار ہے اور اگر پاکستان کودی جانے والی امریکی امداد روکی گئی تو اس کے منفی نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

ریمنڈ ڈیوس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سینیٹر گراہم کا کہنا تھا کہ "پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات اس تنازعہ سے بلند ہیں"۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ڈیوس کا معاملہ دونوں ملکوں کے درمیان اختلافا ت کا سبب بن رہا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو اس ایک واقعے کے تناظر میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

ان کے بقول ایک ایسے وقت میں جب امریکہ افغانستان میں پیش رفت کر رہا ہے، اس کیلیے پاکستان کی حمایت اور مدد کا حصول انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

امریکی ایوانِ نمائندگان کی سب کمیٹی برائے بیرونی امداد کے سربراہ ری پبلکن سینیٹر کے گرینجر نے بھی ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیلیے دبائو ڈالنے کی غرض سے پاکستان کی امداد معطل کرنے کی مخالفت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر گرینجر کہا ہے کہ انہوں نے حالیہ واقعات اور ان کے نتیجے میں جنم لینے والی صورتِ حال پر کئی بار پاکستان میں امریکی سفیر سے تبادلہ خیال کیا ہے اور پاکستان کی امداد میں کٹوتی کی مخالفت کی ہے۔

سینیٹر گرینجر کے دفتر سے جمعہ کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ سمجھتی ہیں کہ "پاکستان کو دی جانے والی امریکی امداد روکنے یا اس میں تعطل کے منفی نتائج برآمد ہوسکتے ہیں اور اس عمل سے صورتِ حال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے"۔

سینیٹر گرینجر کی کمیٹی کی اہم ڈیموکریٹ رکن نیتا لووی کے ترجمان نے بھی اس امر کی تردید کی ہے کہ سینیٹر لووی کی جانب سے ریمنڈ ڈیوس کو رہا نہ کرنے پر پاکستان کی امداد روکے جانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ سینیٹر لووی سمجھتی ہیں کہ پاکستان کو ریمنڈ ڈیوس کو حاصل سفارتی استثنیٰ کا احترام کرنا چاہیے۔

XS
SM
MD
LG