رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: فضائی کارروائی میں ’34 دہشت گرد ہلاک‘


پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کو ہر طرح کی دہشت گردی سے پاک کیا جائے گا۔

قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاکستانی فوج کی فضائی کارروائی میں 34 مشتبہ عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کو ہر طرح کی دہشت گردی سے پاک کیا جائے گا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ نے ایک بیان میں کہا کہ بدھ کی صبح کارروائی میں وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت یا تعداد کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے کیوں کہ جس علاقے میں یہ کارروائی کی گئی وہاں تک میڈیا کے نمائندوں کو رسائی نہیں۔

گزشتہ ہفتے بھی خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی میں فوج نے 48 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس قبائلی علاقے میں پاکستانی فوج نے گزشتہ اکتوبر میں دہشت گردوں کے خلاف ’خیبر ون‘ کے نام سے فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

خیبر ایجنسی کے علاوہ پاکستانی فوج قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں بھی ’ضرب عضب‘ کے نام سے ایک بڑے فوجی آپریشن میں مصروف ہے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ کہہ چکے ہیں کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ملک بھر میں کارروائی جاری رہے گی۔

اُدھر جنرل راحیل شریف نے حال ہی میں قائم کردہ انسداد دہشت گردی تربیتی مرکز سے تربیت مکمل کرنے والے اولین دستے سے بدھ کو ملاقات کی۔

فوج کے سربراہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فوج قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ تربیت شدہ دستے شہری اور دور دراز علاقوں میں دہشت گردوں کا پیچھا کر کے اُنھیں ختم کر سکیں۔

اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے تربیت کی فراہمی کے علاوہ انٹیلی جنس معلومات کو مربوط بنانے کی بھی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردی کی کارروائی کو روکا جا سکے۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی نشاندہی کے حوالے سے عوام کا تعاون انتہائی اہم ہے۔

XS
SM
MD
LG