پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم 407رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسے میزبان ٹیم کے خلاف 121رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔کپتان مصباح الحق نے ناقابل شکست 99رنز بنائے۔
سبینا پارک کنگسٹن جمیکا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 201رنز 4کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی۔ پاکستان کو پہلا نقصان اسد شفیق کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 22رنز بناکر گیبریل کی گیند پر ڈوروچ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
اس کے بعد کپتان مصباح الحق اور سرفراز احمد نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 86 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 324رنز تک پہنچا دیا۔
اس موقع پر سرفراز احمد 53 رنز کی اننگز کھیل کر بشو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ محمد عامر 11، وہاب ریاض 9اور یاسر شاہ صرف 8رنز بناسکے۔
کپتان مصباح الحق نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ایک اینڈ سنبھالے رکھا لیکن بدقسمتی سے صرف ایک رن کی کمی سے وہ سنچری مکمل نہ کرسکے اور 99 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے، محمد عباس صرف ایک رن بناکر چیس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
یوں پاکستان کی پوری ٹیم 407رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور ویسٹ انڈیزکے خلاف پہلی اننگز میں 121رنز کی برتری حاصل کرلی۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے گیبریل اور جوزف نے تین، تین جبکہ ہولڈر، بشو اور چیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔