پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے کچھ پرانے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نئے پلیئرز میدان میں اتارنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ کچھ کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو آسٹریلیا کے دورے تک ٹیم کا حصہ تھے۔ لیکن، اب انہیں ویسٹ انڈیز جانا تو کجا، وہاں کے ٹکٹ تک کا دیدار نہیں ہو سکے گا۔
سرفہرست شرجیل خان پھر سمیع اسلم اور ان کے بعد محمد رضوان، محمد نواز، راحت علی، سہیل خان اور عمران خان سینئر۔۔ یہ وہ کھلاڑی ہیں جنہیں 16 رکنی اسکواڈ میں کوئی جگہ نہیں مل سکی۔
ان کے مقابلے میں احمد شہزاد، شان مسعود اور عثمان صلاح الدین ٹیم میں واپس آگئے۔
محمد عباس، حسن علی اور شاداب خان اس حوالے سے خوش قسمت ہیں کہ انہیں قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے بدھ کو اعلان کردہ اسکواڈ میں پہلی بار ٹیسٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔
شاداب خان پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ حسن علی کی پرفارمنس پر نظر رکھیں تو وہ بھی مسلسل اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں جبکہ محمد عباس قائد اعظم ٹرافی کے دو سیزن میں میں بہترین کارکردگی دکھا چکے ہیں۔
مکمل اسکواڈ پر نظر ڈالیں تو اس میں مصباح الحق، احمد شہزاد، اظہر علی، شان مسعود، بابر اعظم، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، شاداب خان، محمد اصغر، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی اور محمد عباس شامل ہیں۔