رسائی کے لنکس

فوجی آپریشن کے لیے درکار وسائل فراہم کیے جائیں گے: وزیر خزانہ


اب تک کی کارروائی میں حکام کے مطابق 430 سے زائد جنگجو مارے جا چکے ہیں جن میں ازبک اور دیگر ممالک کی شہریت رکھنے والے غیر ملکی شدت پسند بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کے لیے تمام درکار وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

اُنھوں نے یہ بات پاکستانی فوج کے ،ڈائریکٹر جنرل بجٹ، میجر جنرل محمد توقیر احمد سے ملاقات میں کہی۔

سرکاری بیان کے مطابق میجر جنرل محمد توقیر احمد نے وزیر خزانہ سے ملاقات میں بجٹ سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے میجر جنرل محمد توقیر کو یقین دہانی کروائی کہ فوجی آپریشن اور نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

اُدھر شمالی وزیرستان میں آپریشن ’ضرب عضب‘ جاری ہے۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بنوں میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردوں نے اپنی کارروائیوں کے باعث پاکستان میں نظام زندگی کو مفلوج کر دیا تھا۔

اُنھوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کی کامیابی کے لیے اتفاق رائے ضروری ہے۔

’’راتوں رات دہشت گردی پیدا نہیں ہوئی، اور راتوں رات ختم نہیں ہو گی… ہم میں تقسیم نا ہوئی اور اتفاق ہوا، اور ہم ایک ہی سمت چلتے رہے تو دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا۔‘‘

O
O

پاکستانی فوج نے 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ’ضرب عضب‘ کا آغاز کیا تھا۔ عسکری حکام کے مطابق اس قبائلی علاقے کے انتظامی مرکز میرانشاہ کو دہشت گردوں سے صاف کر دیا گیا ہے اور فوج کی پیش قدمی جاری ہے۔

اب تک کی کارروائی میں حکام کے مطابق 430 سے زائد جنگجو مارے جا چکے ہیں جن میں ازبک اور دیگر ممالک کی شہریت رکھنے والے شدت پسند بھی شامل ہیں۔

فضائیہ اور توپ خانے کی مدد سے کی جانے والی کارروائیوں میں دہشت گردوں کے درجنوں ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے علاوہ اُن کے مواصلاتی اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

فوج کے مطابق آپریشن پہلے طے شدہ منصوبے کے مطابق کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG