رسائی کے لنکس

بنوں: تھانے پر خودکش حملے میں کم از کم 17 ہلاک


دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک بچہ
دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک بچہ

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع بنوں میں بدھ کی شام ایک تھانے پر ہونے والے خودکش حملے میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں سمیت کم ازکم 17 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بنوں شہر کے نواح میں میران شاہ روڈ پر واقعہ تھانہ میریان کی بیرونی دیوار سے ایک خودکش حملہ آور نے بارو سے بھری گاڑی ٹکرا دی جس سے پولیس اسٹیشن کی عمار ت مکمل طور پر منہدم ہوگئی۔ دھماکے سے تھانے سے ملحقہ ایک مسجد اور ایک اسکول سمیت دیگر نزدیکی عمارات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق دھماکے میں17 افراد ہلاک اور 15 کے لگ بھگ زخمی ہوئے ہیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اطلاعات میاں افتخار حسین نے سرکاری ٹی وی کو بتایا ہے کہ ہلاک شدگان میں کم از کم پانچ سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق دھماکے کے وقت تھانے کے احاطے میں 60سے 70سیکیورٹی اہلکار موجود تھے جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔

دھماکے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو بنوں کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ شہر میں سیکیورٹی کے انتظامات بھی انتہائی سخت کردیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG