چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں پہلے بولرز پھر بیٹسمینوں کی شاندار پرفارمنس کے باعث، پاکستان نے انگلینڈ کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار فائنل کیلئے ’کوالیفائی‘ کر لیا ہے۔ فخر زمان اور اظہر علی نے 116 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
صوفیا گارڈنز، کارڈف میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 212 رنز کا ہدف دیا جو گرین شرٹس نےصرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز اظہرعلی اور فخر زمان نے پراعتماد بیٹنگ کی اور کسی بھی انگلش بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کھل کر وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے اور صرف 21 ویں اوور میں اسکور 116 رنز بنا کر جیت کی بنیاد رکھ دی، فخر زمان ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم نے بھی اسی روایت کو آگے بڑھایا اور اظہر علی کے ساتھ مل تیسری وکٹ کی شراکت میں 55رنز بنا کر ٹیم فتح سے مزید قریب کر دیا، اظہر علی 75 رنز بنا کر بال کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
اس طرح پاکستان نے37 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرکے انگلینڈ کو بآسانی شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔بابر اعظم 38 اورحفیظ 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو بھارت اور بنگلادیش کے درمیان کھیلا جائے گا، میچ کی فاتح ٹیم اتوار 18 جون کو فائنل میں پاکستان کے مدمقابل ہوگی۔
اس سے قبل سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،جو درست ثابت ہوا اور رومان رئیس نے ہیلزکو 13 کے اسکور پر پویلین کی راہ دکھادی، اس وقت ٹیم کا اسکور 34 رنز تھا۔
ہیلز اور جو روٹ نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے اسکورمجموعی اسکور 80 رنز تک پہنچا دیا، اس موقع پر حسن علی نے بیرسٹو کو 43 کے اسکور پرحفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ کپتان ایون مورگن 33 رنز بناکر حسن علی کاشکار بنے،
پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے باعث وقفے وقفے سے انگلینڈ کی وکٹیں گرتی گئیں ،بٹلر کو صرف 4 رنز پر جنید خان نے پویلین کاراستہ دکھایا، 148پر انگلینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
معین علی کو فخرزمان نے جنید کی گیند پر شاندار رننگ کیچ لے کر آؤٹ کیا،عادل رشید کو متبادل کھلاڑی احمد شہزاد نے ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ کیا۔بین اسٹوکس سست رفتار 34 رنز بناکر حسن علی کا شکار بنے۔یوں انگلینڈ کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 211 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے حسن علی نے 3، جنید خان اور رمان رئیس نے 2،2جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔