رسائی کے لنکس

پہلا سیمی فائنل: پاکستان کو 212 رنز کے ہدف کا سامنا


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

منگل کو کارڈف میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔

چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا ہے۔

منگل کو کارڈف میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5ء49 اوورز میں 211 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی تاہم انگلش بیٹنگ لائن پاکستانی بالرز کے آگے نہ جم سکی اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ 46 رنز بنا کر ٹاپ بلے باز رہے۔ جونی بیرسٹو نے 43 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین اور جنید خان اور رمان رئیس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کو میچ کے شروع ہی میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب 34 رنز پر اس کی پہلی وکٹ گری اور ایلکس ہیلس کو صرف 13 رنز بنا کر پویلین کا منہ دیکھنا پڑا۔

انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی جونی بیرسٹو تھے جو 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت انگلینڈ کا مجموعی اسکور 80 رنز تھا۔

انگلینڈ کی تیسری وکٹ 28 ویں اوور میں گری جب جو روٹ 46 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بتیسویں اوور میں انگلینڈ کو 141 کے مجموعی اسکور پر اپنی چوتھی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جب سرفراز احمد نے انگلش کپتان آئن مارگن کا وکٹوں کے پیچھے کیچ لیا۔ مارگن نے 33 رنز بنائے۔

کچھ ہی دیر بعد جوز بٹلر بھی صرف چار رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس سال چمپیئنز ٹرافی میں انگلینڈ کی ٹیم اب تک ناقابل شکست رہی ہے جب کہ پاکستان کی ٹیم اپنے پول میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔

پاکستان کو اپنے پول میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان کی طرف سے آج کے اہم میچ میں فاسٹ باؤلر محمد عامر اپنی کمر کی ’انجری‘ کے سبب ٹیم میں شامل نہیں اور اُن کی جگہ رومان رئیس کو موقع دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG