حکمران جماعت پیپلز پارٹی کی رہنماء اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے کی سماعت پیر کو اڈیالہ جیل میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی ۔
سماعت کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے یعنی ایف آئی اے کی ٹیم نے عدالت میں اس مقدمے سے متعلق عبوری چالان پیش کیا جس میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف کا نام بھی شامل ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس مقدمے میں زیر حراست راولپنڈی پولیس کے دو افسران سعود عزیز اور خرم شہزادسے ہونے والی تفتیش کے بعدسابق فوجی صدر کا نام اس عبوری چالان میں شامل کیا گیا ہے۔
سعودعزیز اور خرم شہزاد پر الزام ہے کہ اُنھوں نے مقتول بے نظیربھٹوکی حفاظت کے لیے کیے گئے انتظامات میں غفلت برتی تھی۔
27 دسمبر 2007ء کو جب بے نظیر بھٹو راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کے لیے گئی تھیں تو اُس وقت سعود عزیز راولپنڈی پولیس کے سربراہ تھے جب کہ ایس پی خرم شہزادبھی بے نظیر بھٹوکی حفاظت پر معمور تھے۔