رسائی کے لنکس

پرویز مشرف کے دوبارہ ورانٹ گرفتاری جاری


پرویز مشرف (فائل فوٹو)
پرویز مشرف (فائل فوٹو)

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت ہفتے کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی اور عدالت نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی گرفتاری کے لیے دوبارہ وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

گذشتہ ہفتے اس مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت نے سابق صدر کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے اُنھیں حکم دیا تھا کہ وہ 19فروری کو ہونے والے مقدمے کی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہوں ۔ لیکن ایسانہ ہونے پر عدالت نے ایک بار پھر اُن کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

سرکاری وکیل چوہدری ذوالفقار علی نے بتایا ہے کہ اس سے پہلے جاری کیے گئے وارنٹ پرویز مشرف کو نہیں بھجوائے جاسکے کیونکہ وہ اب پاکستان میں رہائش پذیر نہیں ہیں۔ان کے بقول عدالت نے اب حکم دیا ہے کہ اب یہ وارنٹ ان کی لندن میں رہائش گاہ بھجوائے جائیں۔

اس سے قبل مقدمے کی ایک سماعت کے دوران پیش کیے گئے عبوری چالان میں سابق صدر پرویز مشرف کا نام ملزمان کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ راولپنڈی پولیس کے دو سابق افسران سعود عزیز اور خرم شہزادبھی اس مقدمے میں زیرحراست ہیں اور اُن پر الزام ہے کہ اُنھوں نے بے نظیر بھٹو کی حفاظت کے لیے جانے والے انتظامات میں غفلت برتی تھی۔

27 دسمبر 2007ء کو جب بے نظیر بھٹو راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کے لیے گئی تھیں تو اُس وقت سعود عزیز راولپنڈی پولیس کے سربراہ تھے جب کہ ایس پی خرم شہزادبھی بے نظیر بھٹوکی حفاظت پر معمور تھے۔

XS
SM
MD
LG