حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کے خلاف ایبٹ آباد میں امریکی فورسز کی کارروائی سے ملکی خودمختاری پر زد آئی ہے۔
پیر کو لاہور میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ القاعدہ کے رہنماء کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے پاکستان کو درپیش خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے اور اس گھمبیر صورت حال سے ملک کو نکالنے کے لیے اُن کے بقول تمام قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
کئی ہفتوں تک برطانیہ میں علاج کی غرض سے مقیم رہنے کے بعد نواز شریف ہفتے کو وطن واپس پہنچے تھے جس کے بعد اُنھوں نے پہلی مرتبہ پیر کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مختصر بات چیت کی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا ”اسامہ بن لادن والا یہ جو معاملہ ہوا ہے اس پر میں سمجھتا ہوں کہ یہ پاکستان کی خود مختاری، آزادی اور عزت نفس پر بہت بڑی زد ہے۔ اگر ان واقعات کا نوٹس نہ لیا گیا تو پاکستان مزید خطرات سے دوچار ہو جائے گا۔“
نواز شریف نے بتایا کہ منگل سے اُن کی جماعت کا اسلام آباد میں اجلاس ہوگا جس میں ملک کو درپیش تمام معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1