پاکستان میں رواں برس جولائی میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد اب سخت سردی، دھند، برف باری اور یخ بستہ ہواوٴں نے یلغار کردی ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کا مزاج پچھلے دو دن سے یکسر بدلا ہوا ہے اور اس وقت یہ شہر،کوئٹہ سے آنے والی یخ بستہ ہواوٴں کا رین بسیرا بنا ہوا ہے ۔ اس وقت کم از کم درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈہے جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے دو دن بعد شروع ہونے والے نئے مہینے میں درجہ حرارت سات ڈگری تک کم ہوجانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ کراچی کے ساتھ ساتھ کوئٹہ بھی یخ بستہ ہواوٴں سے گھرا ہوا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں موسم سرد محسوس کیا جارہا ہے جبکہ بلوچستان اور اس سے ملحقہ ساحلی علاقوں میں آئندہ 24گھنٹے کے دوران ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
کراچی سے جڑے بلوچستان کے علاقے حب میں گزشتہ روز موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جبکہ آئندہ دو روز تک سندھ بلوچستان کے ساحلی علاقوں سمیت بالائی پنجاب میں ہلکی بارش اور کشمیر سمیت دیگر شمالی علاقہ جات میں برف باری کا امکان ہے۔ اس طرح آئندہ چند دنوں میں ملک کو موسم کی مزید سختیاں برداشت کرنا پڑ سکتی ہیں۔
گزشتہ روز حب میں ہونے والی بارش نے علاقے کو جل تھل کردیا۔ ادھر پنجاب میں دھند چھانے کی اطلاعات ہیں۔ یہاں سرد کہرے کے باعث ٹریفک حادثات بھی بڑھ گئے ہیں۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت میں کمی واقع ہوگی اور جنوبی پنجاب میں دھند کی شدت میں بھی کمی کا امکان ہے۔ جمعے کو کشمیر سمیت دیگر شمالی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری کا امکان ہے۔
ادھر سندھ کے اندرونی علاقوں میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور سرد ہواوٴں کے باعث بازار سرشام بند ہوجاتے ہیں۔ میرپورخاص اور اس کے گردونواح میں سردی کی شدت عروج پر ہے ۔ کل یہاں سرد وگرد آلود تیز ہوائیں چلتی رہیں جس سے سردی تو بڑھی ہی ساتھ ساتھ خشک موسم کے باعث الرجی، آنکھوں اور جلدی امراض میں اضافہ ہوگیا۔
سندھ کے ہی شہر ڈگری میں گزشتہ روز سے جاری سرد ہواوٴں سے سردی مزید بڑھ گئی ہے ۔ سردی بڑھنے سے گرم کپڑوں اور گرم اشیاء کی مانگ و قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ انڈے 80 سے90روپے فی درجن پر پہنچ گئے ہیں۔
ایک اور جانب آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ پاراچنار اور اسکردو کے نشیبی و بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 10 سے 12 تک پہنچ گیا ہے۔ خشک او رشدید سرد موسم میں جلانے کی لکڑی اور گیس سیلنڈر کی قیمتیں بڑھ جانے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر گلگت بلتستان کے تمام اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ شدید سردی سے پائپ لائنوں میں پانی بھی جم جا نے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسکردو کے نشیبی اور بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 10 سے 12 تک پہنچ گیا ہے۔مسلسل خشک موسم کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں آئندہ چوبیس گھنٹو ں کے اندربارش کا امکان ہے جبکہ بدھ اور جمعرات کو بالائی پنجاب اور کشمیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جمعرات اور جمعہ کو کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں رواں موسم سرماکی پہلی باری برف باری بھی متوقع ہے تاہم گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں موسم بدستور خشک رہے گا۔
وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی آٹھ جبکہ قلات میں منفی9.5ڈگری سینٹی گریڈ تک گرچکا ہے ۔کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں جبکہ صبح اورشام کے اوقات میں نلوں اور سڑکوں پر پانی جم رہا ہے۔