رسائی کے لنکس

بلال آصف کا باؤلنگ ایکشن درست قرار


پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر بلال آصف
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر بلال آصف

30 سالہ بلال آصف نے اپنے کریئر کے دوسرے ہی ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کر کے شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر بلال آصف کا باؤلنگ ایکشن تجزیے کے بعد درست قرار دے دیا گیا ہے اور اسے پاکستانی کرکٹ کے حلقے ٹیم کے لیے ایک اچھی خبر تصور کر رہے ہیں۔

30 سالہ بلال آصف نے اپنے کریئر کے دوسرے ہی ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کر کے شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی تھی۔

پانچ اکتوبر کو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے اس میچ کے بعد امپائر اور میچ ریفری نے پاکستانی ٹیم انتظامیہ کو بلال آصف کے مشکوک باؤلنگ ایکشن سے آگاہ کیا تھا۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی" کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق 19 اکتوبر کو بھارتی شہر چنئی میں ان کا بائیومکینک تجزیہ کیا گیا اور اس دوران کروائی گئی تمام گیندوں کے وقت بلال آصف کی کہنی قواعدو ضوابط کے مطابق 15 درجے کی حد کے اندر ہی رہی۔

اس تجزیے کے بعد ان کے باؤلنگ ایکشن کو قانونی قرار دے دیا گیا۔

پاکستانی ٹیم ان دنوں متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے جس کا آخری میچ اتوار کو شارجہ میں کھیلا جا رہا ہے۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس میچ میں بلال آصف کو بھی پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل بھی دو پاکستانی کھلاڑیوں سعید اجمل اور محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دیے جا چکے ہیں۔

محمد حفیظ نے گزشتہ سال پہلی مرتبہ اپنا انداز مشکوک ہونے کے بعد مشق کر کے درست کیا لیکن ایک بار پھر امپائروں کی طرف سے باؤلنگ ایکشن کی شکایت سامنے آئی۔

سعید اجمل کا شمار دنیا کے مایہ ناز اسپنر میں ہوتا تھا لیکن ان کا انداز مشکوک قرار دیے جانے کے بعد گو کہ اسے مشق کر کے درست کر چکے ہیں لیکن ان کی کارکردگی اب پہلے جیسی نہیں جس کی بنا پر وہ ٹیم کا حصہ بھی نہیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG