رسائی کے لنکس

پاکستان کا وفاقی بجٹ ،36 کھرب روپے کا حجم مقرر


پاکستان کے نئے مالی سال 2011-12ء کے لئے وفاقی بجٹ کا حجم 36 کھرب روپے ہوگاجبکہ دفاع کیلئے نئے بجٹ میں 4 کھرب 95 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔بجٹ میں ٹیکس کی وصولی کا تخمینہ 19 کھرب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔پاکستان کے سرکاری خبررساں ادارے کا وزارت خزانہ کے حوالے سے کہنا ہے کہ بجٹ کی تیاری کا کام حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے اور نئے مالی سال کے بجٹ کے بنیادی خدوخال تیار کر لئے گئے جن کی منظوری قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں دی جائے گی۔

نئے مالی سال میں ترقیاتی پروگرام کیلئے سات کھرب 10 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ وفاقی سطح پر سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کیلئے دو کھرب 70 ارب روپے، ایرا کیلئے 10 ارب روپے اور صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگراموں کیلئے 4 کھرب 30 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ بھاشا ڈیم کیلئے 18 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے جبکہ توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو ترقیاتی پروگرام میں ترجیح دی جائے گی۔

مالی سال 2011-12ء میں معاشی شرح نمو کا ہدف 4.2 فیصد، زراعت کی ترقی کا ہدف 3.4 فیصد، صنعتی ترقی 3.1 فیصد اور خدمات کے شعبہ کی شرح نمو کا ہدف 5 فیصد مقرر کئے جانے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے تحت اس شعبے کیلئے سبسڈی کو رواں مالی سال کی سطح 3 کھرب روپے سے کم رکھا جائے گا۔ سرکاری شعبہ میں اخراجات میں کمی کی پالیسی جاری رکھی جائے گی جبکہ ٹیکس کے دائرہ کار میں وسعت لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG