رسائی کے لنکس

’’اسپاٹ فکسنگ جیسے کسی معاملے سے کوئی تعلق نہیں‘‘


سلمان بٹ جمعرات کو جیل سے رہا ہوئے تھے اور انھیں برطانیہ سے ملک بدر کردیا گیا تھا۔
سلمان بٹ جمعرات کو جیل سے رہا ہوئے تھے اور انھیں برطانیہ سے ملک بدر کردیا گیا تھا۔

اسپاٹ فکسنگ کیس میں لندن کی عدالت سے سزا یافتہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ ان کا قصور صرف اتنا ہے کہ انھوں نے آفر کرنے والوں سے متعلق حکام کو آگاہ نہیں کیا اور ان کا اصرار تھا کہ اسپاٹ فکسنگ جیسے کسی بھی معاملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

جمعہ کو لندن سے لاہور پہنچنےپر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پورے کرکٹ کیرئیر میں انھوں نے ایسی کسی آفر کو قبول نہیں کیا اور نہ ہی عملی طور پر کسی بھی میچ میں ایسا کوئی واقعہ پیش آیا۔

’’جو دوسرا کنسرن ہے اسپاٹ فکسنگ کا یا میں نے کسی کو کچھ کہا ہو یا میں نے نو بالوں کا کہا ہو۔۔۔۔میرا کسی چیز سے کوئی تعلق نہیں۔‘‘

سلمان بٹ نے پوری پاکستانی قوم سے معافی طلب کرتے ہوئے کہا کہ ’’پوری عوام سے جو پوری ٹیم کو اسپورٹ کرتی ہے، آپ لوگوں کی وجہ سے ہم اسٹارز بنتے ہیں، ان سب سے میں معذرت چاہتا ہوں، فیلیئر ٹو رپورٹ کی۔‘‘

سابق پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھا کہ وہ تین روز میں ایک پریس کانفرنس کرکے لوگوں کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔’’ کچھ لوگوں نے وقتاً فوقتاً الزام لگائے ہیں سب کے میں جواب دوں گا، ابھی نہیں اس وقت ٹائم اس طرح کا۔۔۔۔۔ آپ لوگوں سے میری درخواست ہے کہ پلیز تین دنوں میں آپ کو مطلع کروں گا پریس کانفرنس میں‘‘۔

اگست 2010ء میں انگلینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے جانے والے ایک ٹیسٹ میچ میں اس وقت کے کپتان سلمان بٹ اور دیگر دو پاکستانی کھلاڑیوں محمد آصف اور محمد عامر پر بھاری رقوم لے کر نو بالز کرانے کا الزام سامنے آنے کے بعد کرکٹ کی عالمی تنظیم نے ان پر پابندی عائد کردی تھی۔

بعد ازاں گزشتہ سال نومبر میں ان تینوں کھلاڑیوں کو لندن کی ایک عدالت نے قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں اور یہ تینوں کھلاڑی اب رہا ہوچکے ہیں۔

سلمان بٹ نے کہا کہ وہ پاکستان آکر بہت خوش ہیں اور وہ بحیثیت اچھے انسان، اچھے پاکستانی اور اچھے کرکٹر کے اپنی نئی زندگی شروع کرنا چاہتے ہیں۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سلمان بٹ نے 2003ء میں پاکستان کی طرف سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ انھوں نے 33 ٹیست میچوں 1889 اور 78 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 2725 رنز بنائے ہیں۔

XS
SM
MD
LG