رسائی کے لنکس

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان زراعت اور توانائی میں تعاون بڑھانے پر زور


دو روزہ سرمایہ کاری کانفرنس میں دونوں ممالک کے مندوبین نے توانائی، خوراک و زراعت، ٹیکسٹائل اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہٴ خیال کیا

کینیڈا کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی وفد نے اٹووا اور اسلام آباد کے درمیان زراعت اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔وزیر مملکت اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیرمین ، سلیم ایچ ماڈویوالا کی سربراہی میں پاکستان کا ایک 15رکنی وفد اِن دِنوں کینیڈا کے دورے پر آیا ہوا ہے۔

وفد کے ارکان نے اٹووا اور ٹورنٹو میں کینیڈا کے سرکاری حکام اور بہت سی بڑی کمپنیوں کے مالکان سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے پر مفید بات چیت کی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان کے تجارتی وفد نے ٹورنٹو میں کینیڈا پاکستان سرمایہ کاری کے فروغ کےبارے میں کانفرنس میں بھی شرکت کی جو جمعرات کی شام اختتام کو پہنچی۔ اس دو روزہ کانفرنس میں دونوں ممالک کے مندوبین نے توانائی، خوراک و زراعت ، ٹیکسٹائل اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہٴ خیال کیا۔

اپنے ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کےلیے پاکستانی وفد نے توانائی کے شعبے میں بطور ِخاص تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

ٹورنٹو کی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کینیڈا پاکستان چیمبر آف کامرس نے کیا تھا۔ اِس تنظیم نے جمعرات کی شام کو کینیڈا اور پاکستان کے مندوبین کے اعزاز میں ایک عشائیے کا بھی اہتمام کیا۔

اِس موقع پر تقریر کرتے ہوئے سلیم مانڈویوالا نے کہا کہ ٹورنٹو میں سرمایہ کاری پر ہونے والی اِس کانفرنس سے کینیڈا اور پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ایک ایسے وقت منعقد کی گئی ہے جب پاکستان اور کنیڈا کے درمیان باہمی سرمایہ کاری کے معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں۔

وفد کے سربراہ نے کہا کہ اُن کی حکومت نےباہر کے ممالک سےپاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد اور کمپنیوں کے افسران کے لیے ’ویزا آن لائن‘ کی اسکیم تیار کی ہے۔اُنھوں نے کہا کہ اِس اسکیم کے تحت، سرمایہ کاروں کو بے پناہ سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

کینیڈا میں مقیم پاکستان کے ہائی کمشنر اکبر زیب، کینیڈا کے سینئر پارلمینٹیرین جِم کیری اور کراچی اسٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر ندیم نقوی نے بھی عشائیے کی تقریب سے خطاب کیا۔

XS
SM
MD
LG