رسائی کے لنکس

کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت ناساز، کمپلیکس اسپتال منتقل


کیپٹن(ر) صفدر، فائل فوٹو
کیپٹن(ر) صفدر، فائل فوٹو

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر اڈیالہ جیل میں قید کیپٹن (ر) صفدر کو طبیعت خراب ہونے کے باعث پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

’ایون فیلڈ ریفرنس‘ میں سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی اڈیالہ جیل میں طبیعت بگڑ گئی تھی۔

جیل ذرائع کے مطابق، معدے کی گنجائش کم کرانے کیلئے ماضی میں کرائے گئے آپریشن کی وجہ سے کیپٹن صفدر کو تکلیف کا سامنا ہے، وہ جو چیز کھاتے یا پیتے ہیں قے کر دیتے ہیں، جس کے باعث انہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

’پمز‘ اسپتال میں منتقلی کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ابتدائی ٹیسٹ کر لئے گئے، جن میں خون کے بعض ٹیسٹ، شوگر ٹیسٹ، ای سی جی اور ایکسرے کیے گئے ہیں۔ ابتدائی رپورٹس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا شوگر لیول اور بلڈ پریشر بڑھا ہوا ہے۔ امراض معدہ جمعے کے روز اُن کے طبی ٹیسٹ کرے گا، اور خصوصی میڈیکل بورڈ کا اجلاس جمعہ کی دوپہر ہوگا۔ میڈیکل بورڈ ٹیسٹوں کے ذریعے مرض کی تشخیص کے بعد علاج کا آغاز کرے گا۔

کیپٹن صفدر کے علاج میں شریک ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کیپٹن صفدر کو جب پمز اسپتال لایا گیا تو وہ پیٹ میں شدید درد کی شکایت کر رہے تھے، جس کے بعد انہیں ’پین کلر‘ لگائے گئے، جبکہ ڈاکٹروں نے کیپٹن صفدر کو کم غذا، ابلا پانی زیادہ پینے کی ہدایت کی ہے۔

چند روز قبل سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بھی اڈیالہ جیل میں طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی جانب سے نواز شریف کا بلڈ ٹیسٹ کیا گیا تو ان کے خون میں کلاٹس کی نشاندہی ہوئی۔

احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی تھی۔ عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت اور 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ، مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

XS
SM
MD
LG