رسائی کے لنکس

پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون کو وسعت دیں گے: لی کی چیانگ


چین کے وزیراعظم لی چیانگ اور پاکستانی صدر زرداری
چین کے وزیراعظم لی چیانگ اور پاکستانی صدر زرداری

وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ عالمی سطح پر حالات جو بھی ہوں پاکستان اور چین ہمیشہ ایک دوسرے کے بااعتماد ساتھی ثابت ہوں گے۔

چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ بدھ کو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے جہاں انھوں نے ایوان صدر میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ وہ اسٹریٹیجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اسلام آباد آئے ہیں۔

وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے کے بعد مسٹر لی کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے اور اپنی آمد کے فوراً بعد اُنھوں نے صدر آصف علی زرداری کے ظہرانے میں شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ عالمی سطح پر جو بھی حالات ہوں پاکستان اور چین ہمیشہ ایک دوسرے کے بااعتماد ساتھی ثابت ہوں گے۔

صدر زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اُن کا ملک علاقائی اقتصادی ترقی میں چین کا قریبی اتحادی بننا چاہتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اکیسویں صدی ایشیا کی صدی ہے، اس لیے پاکستان اور چین کو اپنے لوگوں کی بہتری کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے مل کر اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرنا چاہیئے۔

’’چین کی کاروباری برادری پاکستان میں سرمایہ کاری کے ساز گار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تعاون کو بڑھا سکتی ہے.... گوادر بندر گاہ علاقائی اقتصادی ترقی کی راہ داری ثابت ہو گی۔‘‘

11 مئی کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سمیت کئی دیگر سیاستدانوں نے بھی صدر زرداری کے ظہرانے میں شرکت کی۔

اس سے قبل چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کی اسلام آباد آمد پر صدر آصف علی زرداری اور نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے اُن کا استقبال کیا۔

پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم لی چیانگ کا ہوائی اڈے پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور اُنھیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

چین کے وزیراعظم لی چیانگ کو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر ملک کا اعلٰی ترین سویلین اعزاز ’نشان پاکستان‘ بھی دیا گیا۔

اپنے دو روزہ قیام کے دوران مسڑ لی نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان اور چین کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں قابل ذکر وسعت دیکھنے میں آئی ہے اور 2012ء میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کا حجم پہلی بار 12 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گیا۔ دونوں ملک اسے آئندہ تین سالوں میں 15 ارب ڈالرز تک بڑھانے کے لیے پر عزم ہیں۔

پاکستان میں چین کے تعاون سے متعدد منصوبے بھی جاری ہیں جب کہ 120 سے زائد چینی کمپنیاں یہاں کام کر رہی ہیں۔ گزشتہ سال چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری دو ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

وزیراعظم لی پاکستان آمد سے قبل بھارت کا دورہ کر چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG