رسائی کے لنکس

پاک چین تجارت امریکی ڈالر کے بجائے یوان میں کرنے پر غور


رانا افضل نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ یورپی ممالک سے تجارت کے لیے یورو جب کہ برطانیہ سے تجارت کے لیے ’پاؤنڈ‘ بطور کرنسی استعمال ہو رہا ہے۔

پاکستان کی حکومت چین سے دوطرفہ تجارت کے لیے امریکی ڈالر کے بجائے چینی کرنسی ’یوان‘ کے استعمال کا جائزہ لے رہی ہے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ دو طرفہ تجارت کے لیے یوان کے استعمال پر غور کیا جارہا ہے۔

وزارت خزانہ سے متعلق اُمور کے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل نے منگل کو وائس آف امریکہ سے گفتگو میں تصدیق کی کہ حکومت چین پاکستان تجارت کے لیے امریکی ڈالر کو ’یوان‘ سے تبدیل کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اس مجوزہ منصوبے کے تحت چین کی کرنسی کو پاکستان میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور ملک کے اندر پاکستانی کرنسی یعنی ’روپیہ‘ ہی استعمال ہو گا۔

رانا افضل نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ یورپی ممالک سے تجارت کے لیے یورو جب کہ برطانیہ سے تجارت کے لیے ’پاؤنڈ‘ بطور کرنسی استعمال ہو رہا ہے۔

’’ہمیں چینی کمپنیاں (سامانِ تجارت کے لیے) یوان میں ریٹ دیتی ہیں۔ ہم پہلے پاکستانی روپے کو ڈالر میں تبدیل کرتے ہیں اور پھر ڈالر کو یوان میں بدلتے ہیں۔ ہماری کاروباری برداری کا یہ مطالبہ ہے کہ جب (چین پاکستان) بینکنگ تعلقات براہِ راست ہوں تو ہمیں درآمد پر اضافی رقم خرچ نہیں کرنی پڑی گی۔‘‘

رانا افضل نے بتایا کہ ’’حکومت اس بات پر غور کر رہی ہے اور جیسے ہی بینک اس کے لیے تیار ہو جائیں گے تو جس طرح یہ سہولت ہم نے یورپ کو دی ہوئی ہے، وہ چین (کے ساتھ تجارت) کے لیے بھی ممکن ہو جائے گی۔‘‘

واضح رہے کہ پیر ہی کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے پاکستان میں طویل المدت منصوبے کا آغاز ہوا ہے۔

گزشتہ ماہ بینک آف چائنا نے پاکستان میں اپنے باقاعدہ آپریشنز کا آغاز کیا تھا، جسے پاکستانی حکام دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہیں۔

بینک آف چائنا کا شمار دنیا کے بڑے اور ممتاز بینکوں میں ہوتا ہے اور اسٹیٹ بینک کے مطابق بینک آف چائنا کے آپریشن سے مقامی بینکنگ سیکٹر میں بھی بہتری آئے گی۔

چین پاکستان کا قریبی اتحادی ہے جس نے لگ بھگ 60 ارب ڈالر کے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے علاوہ پاکستان میں توانائی اور دیگر شعبوں میں بھی بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

XS
SM
MD
LG