رسائی کے لنکس

غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو 'قتل' کر دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

لڑکی کے بھائی 23 سالہ ثاقب اسحاق مسیح نے سوئی ہوئی لڑکی کے سر پر لکڑی کا ایک بڑا ٹکڑا مار کر اسے مبینہ طور پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پسند کی شادی کے لیے اصرار کرنے والی لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے بھائی نے "غیرت کے نام پر" قتل کر دیا ہے۔

غیرت کے نام پر قتل کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے جب کہ حالیہ ہفتوں میں ملک کے مختلف حصوں میں ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جس سے لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور حکومت سے اس ضمن میں مؤثر قانون سازی اور اس پر عملدرآمد کے مطالبات میں اضافہ ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا اور لڑکی کے والد کی شکایت پر مبینہ قاتل کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی انم اسحاق مسیح اپنی ہی برادری کے ایک لڑکے سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اس پر لڑکی کے گھر والے رضا مند نہیں تھے۔

گزشتہ ہفتہ کو لڑکی نے اس بارے میں اپنے گھر والوں سے بحث کی جس پر وہ نالاں تھے۔

اتوار کو علی الصبح لڑکی کے بھائی 23 سالہ ثاقب اسحاق مسیح نے سوئی ہوئی لڑکی کے سر پر لکڑی کا ایک بڑا ٹکڑا مار کر اسے مبینہ طور پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

مسیحی برادری میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں لیکن معاشرے میں پایا جانے والا یہ رجحان کسی خاص مذہب سے تعلق نہیں رکھتا۔

گزشتہ ہفتے ہی پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو اس کی ماں نے تیل جھڑک پر آگ لگا کر قتل کر دیا تھا۔

مقتولہ کی ماں پہلے ہی پولیس گرفتار کر چکی تھی جب کہ دو روز قبل اس قتل میں مبینہ طور پر معاونت کرنے والے لڑکی کے بھائی کو بھی گرفتار کر لیا گیا جو وقوعہ کے بعد سے مفرور تھا۔

انسانی اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے اعداد و شمارکے مطابق پاکستان میں ہر سال سیکڑوں خواتین غیرت کے نام پر قتل کر دی جاتی ہیں۔

اس کے خلاف قانون کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے لیکن اس کی پارلیمان سے منظوری ہونا باقی ہے۔

XS
SM
MD
LG