رسائی کے لنکس

پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ میں بہتری، پانچویں نمبر پر آگیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ایک درجے ترقی کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ میں پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔

بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا, پاکستان کے خلاف حال ہی میں مکمل ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں ایک، صفر سے کامیابی کے بعد پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

آسٹریلیا کے بعد بھارت کا نمبر ہے جو 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ جب کہ جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر ہے۔

پاکستان نے پرانی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر موجود انگلینڈ کو پیچھے دھکیل کر خود پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم اب چھٹے نمبر پر ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے 93 پوائنٹس ہیں جب کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 88 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے۔

آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں جب کہ زمبابوے کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے۔

آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق اس ٹیسٹ رینکنگ میں مئی 2019 کے بعد ہونے والے ٹیسٹ میچز کی بنیاد پر ٹیموں کو پوائنٹس دیے گئے ہیں۔

آئی سی سی کی ایک روزہ رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے، انگلینڈ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، بھارت چوتھے جب کہ پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔ پاکستان پہلے ون ڈے رینکنگ میں چھٹے نمبر پر تھا، تاہم اس نے جنوبی افریقہ کو پیچھے چھوڑ کر اب پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھارت پہلے، انگلینڈ دوسرے، پاکستان تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے اور آسٹریلیا پانچویں نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG