رسائی کے لنکس

پاکستان: شمالی کوریا کے جوہری تجربے کی مذمت


کوریا کا ایک باشندہ ٹیلی وژن پر ہائیڈروجن بم کے تجربے پر رپورٹ دیکھ رہا ہے۔ 3ستمبر 2017
کوریا کا ایک باشندہ ٹیلی وژن پر ہائیڈروجن بم کے تجربے پر رپورٹ دیکھ رہا ہے۔ 3ستمبر 2017

پاکستان نے شمالی کوریا کی جانب سے مبینہ طور پر چھٹے ایٹمی تجربے کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ شمالی کوریا کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرنا چاہیے اور تمام فریقین کو اشتعال انگیزی سے اجتناب کرنا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ صبر کا مظاہرہ کریں اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا پرامن حل تلاش کریں۔

شمالی کوریا کو اس کے جوہری اور میزائل پروگرام کے باعث عالمی برادری جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور عالمی سطح پر اس کے تعلقات مزید خراب ہوچکے ہیں، تاہم اس کے باوجود شمالی کوریا پیچھے ہٹنے پر تیار نہیں۔

شمالی کوریا نے گذشتہ سال ستمبر میں اپنا آخری جوہری تجربہ کیا تھا اور اقوام متحدہ نے اس پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔اس کے بعد شمالی کوریا نے حال میں میزائل کے کئی تجربات کیے ہیں جن پر اسے پوری دنیا میں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

XS
SM
MD
LG